بھارت آبی جارحیت کے ذریعے پاکستان کی زمینوں کو بنجر کرنا چاہتا ہے‘امیر العظیم

موجودہ حکمران بھی کسانوں کے مسائل کے حل پر توجہ نہیں دے رہے‘امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

بدھ 16 جنوری 2019 18:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ شوگر ملز کی جانب سے وزن میں 10فیصد کٹوتی انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس سے کسانوں کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے،حکومت فی الفور اس کا نوٹس لے۔ 447وزن کرنے والی مشینوں میں سے 336غیر قانونی ہونے کا انکشاف لمحہ فکریہ ہے۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت شوگر مل مالکان گنے کے کاشتکاروں کا استحصال کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز منصورہ میں عوامی وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ ملکی معیشت میں شعبہ زراعت کاکردار70فیصد ہے مگر بد قسمتی سے ہر دور حکومت میں کسانوں کو درپیش مسائل کا تدارک نہیں کیا گیا۔ موجودہ حکمران بھی اس طرف توجہ نہیں دے ہے۔

(جاری ہے)

آج بھی کسان لاہور میں مال روڈ پر اپنے جائز مطالبات کے لیے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔

فصلوں کی پیداوار ی لاگت دوگنی ہوچکی ہے مگر حکومتی مقرر کیے جانے والے نرخوں سے کاشتکاروںکو کچھ بھی ریلیف نہیں مل رہا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے۔ دنیا بھر کے ممالک اپنے زراعت کو ترقی دے کر خوشحال ہورہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہترین جغرافیہ ، موسم اور زرخیز زمین دی ہے مگر ان سے بھرپوراستفادہ نہیں کیا جارہا۔

شعبہ زراعت کے حوالے سے نئے تحقیقی مراکز قائم کیے جائیں۔انھوں نے کہاکہ بھارت مسلسل پاکستان کے حصے کے دریائوں کا پانی چوری کرکے اپنے کھیتوں کو سیراب کررہا ہے اور پاکستان کی زمینیں بنجر ہوتی چلی جارہی ہیں۔ حکومت اس حوالے سے سنجیدہ عملی اقدامات کرے۔ بھارت کی آبی جارحیت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہیے تاکہ ہندوستان کاگھنائونا چہرہ عالمی برادری کے سامنے واضح ہوسکے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں زراعت کے شعبے پر توجہ دیے بغیر ترقی وخوشحالی نہیں آسکے گی۔تحریک انصاف کی حکومت کوزراعت کے شعبے کو اہمیت دینی چاہئے اور کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادو ں پر حل کرنا چاہئے۔ امیر العظیم نے مزیدکہاکہ گزشتہ چند سالوں سے شوگر مل مالکان کسانوں کے اربوں روپے کے واجبات ادانہیں کررہے یہی وجہ ہے کہ اس سال گنے کی پیداوار کم ہوئی ہے۔کسانوں کوان کاجائز حق ملنا چاہئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں