تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے لیے ہر ممکن تعاون کویقینی بنائیں: میاں محمود الرشید

بدھ 16 جنوری 2019 23:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے پنجاب کی تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے ڈائریکٹر جنرلز اور وائس چیئرمینوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لیے اپنے اداروں کی طرف سے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں اور ہر طرح کے تعاون کو یقینی بنائیں تا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام الناس کو سستے اور کم قیمت گھروں کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک اجلاس اگلے ہفتے لاہور میں منعقد ہو گا جس میں تمام ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز کے سربراہان اپنے متعلقہ اداروں کی کارکردگی سے متعلق رپورٹس پیش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد مزید ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو خصوصی تعاون کی ہدایات وزیرِ ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کی وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی خصوصی ملاقات کے بعد جاری کی گئیں۔

ملاقات میں میاں محمود الرشید نے وزیراعظم عمران خان کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پر اب تک ہونے والے کام کی پیشرفت اور مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پر ہونے والے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے انقلابی منصوبے سے ملک میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں