لاہور،میڈیکل ایجوکیشن کے یکساں نظام کیلئے انٹر یونیورسٹی بورڈز قائم

بدھ 16 جنوری 2019 23:49

لاہور۔16 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) ملک بھر میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کے نصاب کو یکساں بنانے، انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز میں داخلے کیلئے ایک ہی انٹری ٹیسٹ لینے اور مشترکہ ریسرچ پراجیکٹس کو فروغ دینے کیلئے قومی اور صوبائی سطح پر انٹر یونیورسٹی بورڈ تشکیل دے دیئے گئے ہیں جو میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز پر مشتمل ہوں گے۔

نیشنل لیول پر انٹر میڈیکل یونیورسٹی بورڈ کے صدر پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نواب شاہ کے ڈین پروفیسر گلشن علی میمن ہوں گے جبکہ بورڈ کے سیکرٹری کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر اسد اسلم خان ہوں گے۔ پنجاب میں انٹریونیورسٹی بورڈ کے صدر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم جبکہ سیکرٹری پروفیسر اسد اسلم خان ہوں گے۔

(جاری ہے)

بورڈ نصاب اور امتحانی نظام کو یکساں بنانے کے ساتھ ساتھ کریڈیٹ ٹرانسفر کے حوالے سے بھی پالیسی بنائیگا۔اس بات کا اعلان بدھ کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ایم ڈی ، ایم ایس، ایم ڈی ایس پروگرامز میں اصلاحات کے حوالے سے ہونے والے گرینڈ کنونشن میں کیا گیا۔کنونشن میں صوبے بھر سے ایم ایس ، ایم ڈی اور ایم ڈی ایس کے ٹرینرز اور سپروائزرز نے شرکت کی۔

کنونشن میں وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل ،وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پروفیسر مصطفی کمال پاشا، سی ای او میو ہسپتال لاہور پروفیسر اسد اسلم خان ،وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر،وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر چودھری،وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عامر زمان خان، پروفیسر سید محمد اویس، پرفیسر نوید اشرف اور پروفیسر وحید الحمید اور پوسٹ گریجویٹ ریفارمز کمیٹی کی سیکرٹری ڈاکٹر صائمہ چوہدری نے شرکت کی۔

کنونشن میں بتایا گیا۔ یو ایچ ایس کے زیر اہتمام 29 اسپشلٹیز میں اصلاحات ایڈوائزری کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ایڈوائزری کمیٹیاں اپنی اپنی سپشلٹی میں نصاب کی تجدید کے حوالے سے سفارشات پیش کریں گی۔کمیٹیاں طلبہ کی جانب سے فیڈ بیک کی بنیاد پر امتحانات کے نظام میں بہتری کیلئے بھی سفارشات پیش کریں گی۔یہ کمیٹیاں یونیورسٹی ایگزامینیشن کیلنڈرکی مانیٹرنگ اور ریسرچ کی کوالٹی کو یقینی بنائیں گی۔

تمام ایڈوائزری کمیٹیاں 60دن کے اندر اپنی سفارشات پیش کریں گی ۔ان سفارشات کی روشنی میں ایم ایس، ایم ڈی اور ایم ڈی ایس پروگرام میں اصلاحات لائی جائیں گی۔ کنونشن میں2020 تک تمام اسکیموں کے امتحانات یکساںطرز پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزید برآںایگزامینرز دوسرے صوبوں اور غیر ممالک سے لینے اورہر ایڈوائزری کمیٹی میں ایک ٹرینی شامل کرنے کی سفارش بھی گی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں