حکومت پنجاب فنی تعلیم کے فروغ کے لئے جامع اور وسیع پروگرام پر عمل پیرا ہے ‘اجمل چیمہ

معاشی مسائل کے حل کے لئے نوجوانوں کا ہنر مند ہونا ضروری ہے اور ہنر مند قوم ہی ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے ‘صوبائی وزیر

جمعرات 17 جنوری 2019 23:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال محمد اجمل چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب فنی تعلیم کے فروغ کے لئے جامع اور وسیع پروگرام پر عمل پیرا ہے تاکہ نوجوانوں کو مختلف پیشہ وارانہ فنون کی تربیت کی خاطر خواہ سہولیات ان کے گھروں کے قریب فراہم کی جاسکیں ۔ انہوں نے یہ بات چک جھمرہ میں ٹیوٹا کے زیر اہتمام گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹرز برائے بوائز اینڈ گرلز کا الگ الگ معائنہ کرتے ہوئے کہی ۔

ڈسٹرکٹ مینجر ٹیوٹا محمد یونس ‘ ڈسٹرکٹ پلیسمنٹ آفیسر محمد اصغر چوہدری ‘ انچارجز ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹرز مس شمائلہ ‘ محمد انور بٹر و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے سنٹرز میں مختلف ٹریننگ کورسز کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ معاشی مسائل کے حل کے لئے نوجوانوں کا ہنر مند ہونا ضروری ہے اور ہنر مند قوم ہی ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت مختلف شعبوں میں نوجوانوں کو مختلف فنون کی تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ باعزت روزگار شروع کرکے اپنے خاندان کی معاشی ضروریات پوری کرسکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تربیت کنندگان سے کہا کہ وہ مختلف کورسز میں شامل طلبا و طالبات کو جدید مہارتوں سے آگاہ کریں تاکہ انہیں اپنے پیشہ وارانہ فن میں مکمل عبور حاصل ہو سکے ۔ انہوںنے تربیت حاصل کرنے والے طالب علموں سے کہا کہ وہ توجہ ‘ محنت اورلگن سے فن سیکھیں تاکہ وہ مکمل مہارت کے ساتھ اپنی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاسکیں ۔ صوبائی وزیر نے ٹیکنیکل سنٹرز کے انچارجز کو یقین دلایا کہ ان اداروں کے لئے سرکاری عمارت کا بندوبست کرنے کے اقدامات کے علاوہ مختلف کورسز کی مدت بڑھانے پر بھی غور کیا جائیگا ۔

صوبائی وزیر نے الیکٹریکل ‘ میکینکل ‘ کمپیوٹر ‘ کوکنگ ‘ فیشن ڈیزائننگ اور سلائی کڑھائی کے کورسز کی کلاسز کا معائنہ کیا اور تربیتی امور پر اپنے اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ان سنٹرز کی مزید ترقی کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے طالبا ت کی تیار کردہ مصنوعات میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ان کے مہارتوں کو سراہا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں