صاف ستھرا لاہور ، البیراک ویسٹ مینجمنٹ نے فیلڈ گاڑیوں کی نئی پینٹنگ شروع کر دی

جمعرات 17 جنوری 2019 23:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) لاہور شہر میں البیراک ویسٹ مینجمنٹ نے اپنی موجودہ فیلڈ مشینری اور گاڑیوں کی حالت بہترکرنے اور ان کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنے کیلئے پینٹنگ کا کام شروع کردیا ہے ۔گاڑیوں اور مشینری پر نیلے رنگ کا پینٹ کیا جارہا ہے ۔ روزانہ کی بنیاد پر البیراک ورکشاپس میںٹیکنکل سٹاف ریپئیرنگ ، پینٹنگ اور مرمت کے کاموں میں مصروف رہتا ہے تاکہ لاہور میں صفائی آپریشنز بغیر کسی تاخیر کے مکمل کئے جا سکیںاور ڈرائیور حضرات کو بھی کسی بڑے حادثے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

البیراک کا عملہ ورکشاپس کے ساتھ ساتھ فیلڈ میں موجود ویسٹ کنٹینرز کو بھی مرمت کرتا ہے ۔ روزانہ اوسطاً80 ویسٹ کنٹینرز کو 4موبائل ورکشاپس کے ذریعے مرمت جبکہ40 ویسٹ کنٹینرز کو5 موبائل پینٹنگ ورکشاپس کے ذریعے پینٹ کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ لاہور کو صفائی ستھرائی کے لحاظ سے مثالی بنانے کیلئے البیراک نے اضافی مشینری،اضافی ہتھ گاڑیاں اور اضافی سینٹری عملہ بھی یونین کونسلوں کی سطح پر تعینات کیا ہے۔

اس سلسلے میں البیراک ترجمان کا کہنا تھا کہ البیراک نے گزشتہ سا ت برسوں میں فیلڈ میں نئی مشینری درآمد کرانے کے ساتھ ساتھ ان کی بروقت مرمت بھی یقینی بنائی ہے تا کہ لاہور میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ البیراک کی جانب سے یہ اقدامات مستقبل میں صفائی آپریشنز میں تیزی اور بہتری لانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں