محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کا بڑے سیاسی رہنمائوں کیخلاف بلاتفریق کاروائی کرنے کا فیصلہ

پہلے مرحلے میں اسحاق ڈار ،رانا مبشر، کھوکھر برادران سمیت دیگر اہم رہنمائوں کیخلاف کارروائی کو مزید تیز کیا جائیگا‘ ذرائع

جمعہ 18 جنوری 2019 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے بڑے سیاسی رہنمائوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ،پہلے مرحلے میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،رانا مبشر، کھوکھر برادران سمیت دیگر اہم رہنمائوں کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ہربنس پورہ میں سرکاری اراضی بیچنے کے الزام میں مقدمہ نمبر80/11 کی دوبارہ انوسٹی گیشن کی جا رہی ہے،باغ ارم کوآپرٹیو سوسائٹی میں کرپشن کے الزامات کے تحت ایم این اے رانا مبشر کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے ،ٹھوکر نیاز بیگ سمیت صوبے بھر میں اثاثہ جات اور سرکاری اراضی پر تعمیرات اور چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے از خود نوٹس لینے پر ایم این اے افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر کے خلاف بھی تحقیقات اور مقدمہ کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

ایم این اے رانا اسحاق اور وائس چیئرمین قسور عزیز شاہ کے خلاف بھی جائیداد کی فروخت پر تحقیقات کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق سابق ٹائون ناظم نشتر ٹائون سردار شفقت محمود کے خلاف بھی جوہر ٹائون میں راستہ جات اور نقشے پاس کروائے بغیر جائیداد کی غیر قانونی منتقلی کے باعث تحقیقات کا آغاز کیا جا چکا ہے ۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب حسین اصغر نے گزشتہ روز ایک اہم اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں اینٹی کرپشن کے تمام افسران واضح شواہد پر تمام بڑی جماعتوں کے سیاسی رہنمائوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرنے کا عندیہ دیا گیا اور چند روز میں محکمہ اینٹی کرپشن بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کے خلاف بھی فوری قانونی کارروائی کیلئے متحرک نظر آئے گی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں اسحاق ڈار ،رانا مبشر، کھوکھر برادران، ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین قصور عزیز شاہ ،ایم این اے رانا اسحاق سمیت دیگر کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں