کرنل(ر) جمشید ترین نے ملک وقوم کیلئے بڑی خدمات انجام دیں، مقررین

جمعہ 18 جنوری 2019 21:26

لاہور۔18 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین ہمہ جہت شخصیت تھے، انہوں نے اپنی زندگی کو اسلام ، پاکستان اورقائداعظمؒ کیلئے وقف کر رکھا تھا، انہوں نے نہ صرف جدوجہد آزادی میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بے لوث سپاہی کا کردار ادا کیا بلکہ قیامِ پاکستان کے بعد تعمیر پاکستان کے ضمن میں بھی اًن تھک محنت کی۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن و سابق چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین کی تیسری برسی کے موقع پر منعقدہ محفل قرآن خوانی کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت و چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد، مرحوم کے صاحبزادگان سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اور چیئرمین سلک بینک عظمت ترین، جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ،بیگم مہناز رفیع، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، رانا سجاد جالندھری، پیر سید نوبہار شاہ، محمد یٰسین وٹو، انعام الرحمن گیلانی، منظور حسین خان، آغا یعقوب ضیاء، نوب برکات محمود، کارکنان تحریک پاکستان اور ممتاز بنکرزسمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد نے کہا کہ کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین سچے مسلمان اور پکے پاکستانی تھے، ان کا اوڑھنا بچھونا پاکستان تھا۔ شوکت ترین نے کہا کہ میرے والد نیک انسان اور شفیق باپ تھے، انہوں نے ہمیں ہمیشہ سچ بولنے ، کسی سے زیادتی نہ کرنے اور ملک وقوم کی خدمت کا درس دیا۔جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ نے کہا کہ کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین چلتا پھرتا پاکستان تھے، نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کیلئے ان کی گرانقدر خدمات قابل قدر ہیں ۔

بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین ایک دیدہ ور انسان تھے، انہیں قائداعظمؒ اور پاکستان سے والہانہ لگائو تھا،انہوں نے پاکستان سے محبت کرنے اور ایمانداری سے ملک کی تعمیر وترقی میں کردار ادا کرنے کا درس دیا۔پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین ایسی جاوداں شخصیت تھے کہ جن کی سوچ کا دھارا صرف اور صرف پاکستان تھا، وہ پکے پاکستانی اور قائداعظمؒ کے سچے پیروکار تھے۔شاہد رشید نے کہا کہ کرنل(ر) جمشید احمد ترین نے ملک وقوم کیلئے بڑی خدمات انجام دیں، وہ بہت بڑے عاشق رسولؐ اور قائداعظمؒ کے سپاہی آدمی تھے۔ پروگرام کے آخر میں مرحوم کی مغفرت اوربلند درجات کیلئے دعا کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں