سپلائی کم ہو نے کی وجہ سے صنعتی شعبوں کوگیس لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا، ترجمان سوئی نادرن گیس

جمعہ 18 جنوری 2019 23:35

لاہور۔18 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) ترجمان سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے کہا ہے کہ پی ایس اوکا آر ایل این جی سپلائی کاجہاز نا کافی سمندری لہروں (Low Tide) کی وجہ سے 17جنوری کو لنگرانداز نہیں ہو سکا۔ جس کی وجہ سے اینگرو ٹرمینل سے سپلائی 550 ایم ایم سی ایف ڈی سے کم ہو کر 225 ایم ایم سی ایف ڈی ہو گئی تھی ، گزشتہ شب سے سپلائی مزید کم ہو کر 120 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی ہے ،جس کے نتیجے میں آرایل این جی کی ٹوٹل سپلائی جوگزشتہ روزتقریبا1000 ایم ایم سی ایف ڈی تھی کم ہو کر 540 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی ہے۔

مذکورہ صورتحال کے پیش نظر کھاد سی این جی اور صنعتی شعبوں کو گیس کی سپلائی روکنا پڑی۔ ترجمان کے مطابق بجلی گھروںکو بھی سپلائی بھی کم کرنا پڑی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ قدرتی طور پر سمندر کی یہ صورت حال کنٹرول سے باہر ہے مزید براں ہم پی ایس او سے مسلسل رابطے میں ہیں اور تمام متعلقہ افراد اور اداروں کوصورت حال سے باخبر کرتے رہیں گے۔ترجمان نے مزید کہا کہ آر ایل این جی سپلائی سے متعلقہ اداروں کی جانب سے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیںتاکہ کسی طرح جہاز لنگر اندا ز ہو سکے ۔اور آر ایل این جی سپلائی بحال ہو سکے‘تا ہم کسی ناخوشگوار صورتحال یعنی گیس سپلائی کی بحالی میں تاخیر کی صورت میں متعلقہ افرا د اور اداروں کو مطلع کر دیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں