ایک ادارے کی دوسرے ادارے سے کو ئی معلومات لینا یا شکایت کے حوالے سے پوچھنا عمومی طریقہ کار ہی؛ترجمان ریسکیو،پنجاب

میڈیا گروپ میں چلنے والا اینٹی کرپشن کا لیٹر بغیر تاریخ ،لیٹر نمبر اور جعلی دستخط کے ساتھ وائرل کیا گیا،ریسکیو 1122کی مثالی کارکردگی اس کے نظم وضبط کا منہ بولتا ثبوت ہے ‘وضاحت

ہفتہ 19 جنوری 2019 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) ترجمان ریسکیو پنجاب نے اخبارات میں چھپنے والی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو1122کی کارکردگی مثالی ہے اور گذشتہ روز چھپنے والی خبر سے ادارے کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے ، حقیقت یہ ہے کہ چند نااہل اور برطرف ملازمین مختلف فورم پر بے بنیاد اور من گھڑت درخواستیں شکایات کی صورت میں جمع کروا رہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

دراصل یہی برطرف ملازمین اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے منفی پراپیگنڈہ کر کے اپنے مذموم مقاصد پورے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ محکمہ ان نااہل ان فٹ اور برطرف ملازمین سے ہر گز بلیک میل نہیں ہو گا ۔ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122)میں تمام کام شفافیت اور قانون کے مطابق ہوتے ہیں اور ادارہ کی کا رکردگی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان ریسکیو 1122 نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ادارے کی دوسرے ادارے سے کو ئی معلومات لینا یا شکایت کے حوالے سے پوچھنا عمومی طریقہ کار ہے۔

کسی کو بھی بغیر سنے مورد الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا اور یہی حقیقی انصاف کا تقاضا ہے۔اور اس طرح کی دفتری خط و کتابت کوبلا تحقیق خبر کے طور پر ادارے کے موقف کو سنے بغیر نشر کرنا اصولوں کے منا فی ہے ۔میڈیا گروپ میں چلنے والا اینٹی کرپشن کا لیٹر بغیر تاریخ ،لیٹر نمبر اور جعلی دستخط کے ساتھ وائرل کیا گیاجس سے یہ بات بھی واضع ہوتی ہے کہ برطرف اور نااہل ملازمین اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے ایسے لیٹرز کو وقت سے پہلے میڈیا کو پہنچا کر ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

مزید براں حقیقت جانے بغیر میڈیا پر ایسی خبریں شائع کرنے سے ادارے کے محنتی افسران اور سٹاف جو عوام کو24گھنٹے سروس کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے محنت کرتے ہیں کیلئے بددلی کا باعث بنتی ہیں ۔ ریسکیو 1122کی کارکردگی مینجمنٹ کی دن رات محنت، شفافیت ،میرٹ اور ادارے کے مثالی نظم و ضبط کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں