نئی نسل کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنا مشن ،وسیع بنیادوں پر تعلیمی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں‘اجمل چیمہ

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود وبیت المال محمداجمل چیمہ نے کہا ہے کہ نئی نسل کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنا حکومت پنجاب کا مشن ہے اس سلسلے میں وسیع بنیادوں پر تعلیمی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے یہ بات چک جھمرہ میں گورنمنٹ پرائمری سکول کے معائنہ کے دوران کہی۔صوبائی وزیر نے بچوں کی کلاسز کا دورہ کیا اور تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے ٹیچرز سے کہا کہ وہ بچوں کو تعلیم کی جانب راغب رکھیں تاکہ وہ سکول چھوڑ کر نہ جائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سرکاری سکولوں میں جدیدسہولتیں فراہم کرنے پر توجہ مرکوز ہے تاکہ طالب علموں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے بچوں سے پیارومحبت وشفقت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ حصول علم پربھرپور توجہ دیں اور محنت لگن سے علم حاصل کریں تاکہ وہ تعلیم یافتہ ہو کر ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ کے تمام تعلیمی اداروں کا سروے کرکے ان میں عدم دستیاب سہولتیں فراہم کرنے کے لئے خصوصی فنڈز فراہم کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں