اسلام پورہ میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر فائرنگ سے دو سگے بھائی ہلاک ،دو راہگیر زخمی

ملزم فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا ، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ،زخمی طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل علامہ اقبال ٹائون کے علاقہ میں گندا نالے سے 18 سالہ لڑکی کی لاش برآمد ،شناخت نہ ہونے پر لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) صوبائی دارلحکومت کے علاقہ اسلام پورہ میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے دو سگے بھائیوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ ملزم کی فائرنگ سے دو راہگیر بھی زخمی ہو گئے ، ملزم فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا ، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسلام پورہ میں دو بھائی یاسر اور یونس اپنی فاسٹ فوڈ کی دکان پر تھے کہ ملزم عمران نے آکر دونوں کو فائرنگ شروع کر دی جس سے دونوں شدید زخمی ہو گئے جبکہ دو راہگیر بھی فائرنگ کی زدگ میں آکر زخمی ہوگئے جن کی شناخت بشیر اور احمد کے نام سے ہوئی ہے ۔

ملزم واقعے کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور چاروں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا تاہم دونوں بھائی یاسر اور یونس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جن کی لاشیں پوسٹمارٹم کے لئے بھجوا دی گئی ہیں ۔ علاوہ ازیں علامہ اقبال ٹائون کے علاقہ نیلم بلاک میں گندا نالے سے نامعلوم 18 سالہ لڑکی کی لاش بھی برآمد ہوئی ہے ۔ایدھی ایمبولینس کے ذریعے 18 سالہ لڑکی کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں