عوام کے لیے عمران خان حکومت وبال جان بن گئی ہے ، تبدیلی کے تمام خواب چکنا چور ہورہے ہیں ‘لیاقت بلوچ

سیاسی عدم استحکام ، ادارہ جاتی تصادم اور حکومتی وزراء کی جانب سے دانستہ بے یقینی کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش پورے نظام کو بدترین بے یقینی کاشکار کر رہی ہے‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

اتوار 20 جنوری 2019 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عوام کے لیے عمران خان حکومت وبال جان بن گئی ہے ، تبدیلی کے تمام خواب چکنا چور ہورہے ہیں ، تعلیم ، صحت ، قانون اور انتظامی امور مسلسل تنزلی کا شکار ہیں ،سیاسی عدم استحکام ، ادارہ جاتی تصادم اور حکومتی وزراء کی جانب سے دانستہ بے یقینی کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش پورے نظام کو بدترین بے یقینی کاشکار کر رہی ہے۔

لیاقت بلوچ نے گورنمنٹ سائنس کالج میں شب احباب جمعیت ڈنر اور ملک بھر کی اساتذہ تنظیموں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائے گی ۔ کرپٹ عناصر کا تعلق ماضی کی حکومتوں سے ہو یا موجودہ حکمرانوں سے ، سول ملٹری بیوروکریسی سے ہو یا عدلیہ سمیت کسی بھی ادارے سے ، ہم سب کے بے لاگ احتساب کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

کرپشن کا خاتمہ اور لوٹی گئی دولت کی واپسی ہی عوام کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے زیراہتمام یکم سے پانچ فروری تک پورے ملک میں بھر پور پروگرام منعقد ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت بھارت کے ساتھ نرم رویہ ترک کرے ، یہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی ، لاقانونیت اورکرپشن کے خلاف توانا اور بلند آہنگ آواز بن کر عوام کی قیادت کرے گی ۔ عوام کو ان کے مسائل کے حل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں