سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ہاتھوں بیگناہ خاندان کی دلخراش ہلاکت قابل مذمت ہے ‘ طارق فیروز

راؤ انوار اور ماڈل ٹاؤن سانحہ کے ذمہ داران کو منطقی انجام تک پہنچایا جاتا تو افسوسناک واقعہ پیش نہ آتا

اتوار 20 جنوری 2019 18:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) انجمن تاجران لاہور کے صدر میاں طارق فیروز نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ہاتھوں بیگناہ خاندان کے افراد کی دلخراش ہلاکت قابل مذمت ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ اگر راؤ انوار اور ماڈل ٹاؤن سانحہ کے ذمہ داران کو منطقی انجام تک پہنچایا دیا جاتا تو آج یہ ساہیوال والا انتہائی افسوسناک واقعہ ہرگز پیش نہ آتا۔

انہوں نے کہا اگر ایجنسیوں کی رپورٹ کو درست بھی تصور کر لیا جائے تو بھی بے گناہ خاندان کے سربراہ سمیت اسکی بیوی اور بیٹی کے ہلاکت کاذمہ دار کون ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کیا نہتے شہریوں کو سرعام گولیوں کا نشانہ بنانے کی اجازت حکومت نے دے رکھی ہے ۔سی ٹی ڈی کی بہیمانہ کاروائی کی وجہ سے پاکستان کا پوری دنیا میں منفی ایمنج گیا ہے کیونکہ انتہائی ٹرینڈ اور حالات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرنے کی اہل فورس سے اس طرح کی کاروائی کی امید نہیں کی جا سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور بھر کی تاجر برادری حکو مت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر تحقیقات مکمل کر کے بے گناہ خاندان کے تمام افراد کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اہلکاروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور مرنے والوں کے زندہ بچ جانے والے بچوں کی کفالت کا ذمہ حکومت خود اٹھائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں