مشیر وزیرِ اعلیٰ برائے سیاسی امور محمد اکرم چوہدری کاشادمان اتوار بازار کا اچانک دورہ

اکرم چوہدری نے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا، غیر معیاری پھل اور سبزیاں فروخت کرنے پر دوکانداروں کی سرزنش کی

اتوار 20 جنوری 2019 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) مشیر وزیرِ اعلیٰ برائے سیاسی امور محمد اکرم چوہدری نے شادمان اتوار بازار کا اچانک دورہ کیا اور پھلوں، سبزیوں، دالوں اورگوشت کی قیمتوں اور معیار کو چیک کیا۔ انہوں نے اتوار بازار میں صارفین کے لیے صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور پہلے سے بہتر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

محمد اکرم چوہدری نے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا، اشیاء کے نرخ چیک کیے اور غیر معیاری پھل اور سبزیاں فروخت کرنے پر دوکانداروں کی سرزنش کی۔ مشیر وزیرِ اعلیٰ برائے سیاسی امور محمد اکرم چوہدری نے غیر معیاری مچھلی فروخت کرنے پر ایک سٹال مالک کی سرزنش کی اور خراب مال ہٹوا دیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ناقص اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش صارفین کے گھروں تک نہ پہنچنے پائیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی قیمتیں اسوقت ریکارڈ حد تک کم ہیں اور صارفین کو اس سے کم قیمت پر سبزیاں شاید پہلے میسر نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اس حد تک کمی شاید کاشتکار کے لیے منافع بخش نہیں اور اس کی وجہ مڈل مین ہے۔ مڈل مین کی وجہ سے کاشتکار کو اسکا جائز حق نہیں مل رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کاشتکاروں کے حقوق کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

محمد اکرم چوہدری نے کہا کہ بڑے سٹور مالکان سے ملکر تمام اتوار بازاروں میں کریانے کے سٹال لگوانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے تا کہ صارفین کو پھلوں، سبزیوں اور گوشت کے ساتھ ساتھ گھریلو ضرورت کا دیگر سامان بھی مل سکے۔ انہوں نے رجسٹر شکایات کا بھی معائنہ کیا اور وہاں درج شکایات کی نوعیت اور ان کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں دریافت کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں