ساہیوال، جعلی مقابلے میں مارے گئے چاروں افراد کی نماز جنازہ ادا

مقتول مہر خلیل ،مقتولہ نبیلہ اور 12 سالہ معصوم اریبہ کو آہوںو سسکیوں میں سپرد خاک وزیرقانون پنجاب کی جانب سے دہشت گرد قرار دیئے جانے کے بعد مقتول ذیشان کے لواحقین نے میت سمیت پھردھرنا دیدیا،راجہ بشار ت کے استعفے تک تدفین نہ کرنے کا اعلان

اتوار 20 جنوری 2019 23:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2019ء) ساہیوال میں کانٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ سے جعلی مقابلے میں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی نماز جنازہ فیروز پورروڈ پر ادا کر دی گئی جبکہ مقتول مہر خلیل ،مقتولہ نبیلہ اور 12 سالہ معصوم اریبہ کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں مرنے والوں کے اہل خانہ ، رشتہ داروں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی،سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے، نماز جنازہ کے مقام کی جانب آنے والے تمام راستوں کو بند رکھا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے مہر خلیل ، اس کی اہلیہ نبیلہ ، بیٹی اریبہ اور ڈرائیور ذیشان جاوید کی نماز جنازہ فیروز پور روڈ پر ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں جب چار وں کی میتیں نماز جنازہ کیلئے اٹھائی گئیں تو کہرام مچ گیا اور انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ خواتین ایک دوسرے سے لپٹ کر اور دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں ۔

چاروں میتیں نماز جنازہ کیلئے فیروز پور روڈ پر لائیں گئیں اور نماز جنازہ میں مرنے والوں کے اہل خانہ ، رشتہ داروں ، دوست احباب اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔نماز جنازہ کی وجہ سے ٹریفک کو بند رکھا گیا جبکہ اس موقع پر پولیس کی جانب سے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور درجنوں کی تعداد میں پولیس اہلکار تعینا ت تھے ۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مہر خلیل ، اس کی اہلیہ نبیلہ اور 12 سالہ بیٹی اریبہ کو کاہنہ میں واقع قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا جبکہ مقتول زیشان جاوید کو آشیانہ ہاوسنگ سکیم کے قریب واقع قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا ۔دوسری جانب وزیرقانون پنجاب راجہ بشار ت کی جانب سے ذیشان کو داعش کا دہشت گرد قرار دیئے جانے کے بعد ذیشان کی نماز جنازہ کے بعد ورثا نے اعلان کیا کہ حکومت ذیشان پر لگایا گیا دہشت گردی کا الزام واپس لے، جب تک الزام واپس نہیں لیا جاتا تو اس وقت تک میت سپردخاک نہیں کریں گے۔ ذیشان کے ورثاء نے وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت سے استعفیٰ لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں