پاکستان کے دو انٹرنیشنل اور نیشنل سائیکلسٹ ذیشان علی اور وحید موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا

پیر 21 جنوری 2019 01:10

لاہور۔20 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) پاکستان کے دو انٹرنیشنل اور نیشنل سائیکلسٹ ذیشان علی اور وحید موت و حیات کی کشمکش میں مبتلاہیں،تفصیلات کے مطابق دوران پریکٹس حادثہ کا شکار ہونے والے دونوں سائیکلسٹ مقامی ہسپتال میں داخل ہیں۔ دونوں کھلاڑی روڈ سائیکلنگ کی پریکٹس کے دوران لاہور سے شیخوپورہ جا رہے تھے کہ راستے میں ٹریفک حادثہ کا شکار ہو گئے۔

دونوں کھلاڑیوں کا تعلق سوئی سدرن گیس کمپنی سے ہے۔ ذیشان علی جن کے دماغ پر گہری چوٹ آئی ہے۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ وحید احمد جو نیشنل چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیت چکے ہیں اس وقت وینٹی لیٹر پر ہیں جہاں وہ موت و حیات سے لڑ رہے ہیں۔ پاکستان سائیکلنگ ٹیم کے کوچ نزاکت علی کہنا ہے کہ پاکستان کے دو ہونہار کھلاڑی جن کی حالت اس وقت غیر ہے تاحال اعلی حکام کی جانب کوئی مدد نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کو بہتر علاج کیا جا رہا ہے۔

نزاکت علی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر دونوں کھلاڑیوں کی مدد کرے۔ ذیشان علی اور وحید احمد پاکستان سائیکلنگ کے روشن ستارے ہیں جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں