وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، ساہیوال واقعہ کی مذمت ، دکھ اور افسوس کا اظہار، واقعہ میں جاں بحق خاندان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت و جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کیلئے دعا، ساہیوال واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار، پنجاب حکومت غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، عثمان بزدار

آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں اور سپروائزر کوفوری طورپر حراست میںلیکر معطل کر دیا گیا ، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم واقعہ کی انکوائری کررہی ہے،رپورٹ کی روشنی میں سخت ایکشن لیا جائیگا، انصاف نہ صرف ہوگا ،ہوتا ہوا نظر بھی آئیگا،متاثرہ خاندان کو انصاف دلانا ہماری ذمہ داری بھی اور فرض بھی:وزیر اعلی

پیر 21 جنوری 2019 20:50

لاہور۔21 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ساہیوال واقعہ کی مذمت کئی گئی اور واقعہ میں جاں بحق خاندان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا گیا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سوگوار خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور پنجاب حکومت غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ پوری قوم صدمے کی حالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں میانوالی سے ملتان پہنچا اور بذریعہ سڑک رات گئے ساہیوال کے ہسپتال جا کر زخمی بچوں کی عیادت کی ۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاندان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ان کی دلجوئی کی۔

انہوں نے کہا کہ زخمی بچوں کے دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا ۔ متاثرہ فیملی کے بچے میرے اپنے بچوں کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دکھ او رصدمہ دیکھ کر رات بھر سو نہیں سکا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی مجھ سے 3بار بات کی اور وزیراعظم عمران خان بھی اس واقعہ پر انتہائی افسردہ ہیں اورانہوںنے ہدایت کی ہے کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف دینے کا وعدہ کیا ہے جسے پورا کروں گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی کو انصاف کی فراہمی کی راہ میں نہیں حائل ہونے دیں گے۔ پنجاب حکومت نے متاثرہ فیملی کیلئے 2کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ بچوں کی کفالت کی ذمہ داری پنجاب حکومت نبھائے گی اور تعلیمی اخراجات بھی برداشت کریگی۔ متاثرہ خاندان کو میڈیکل کی فری سہولت میسر ہوگی۔

متاثرہ خاندان کی ہر ضرورت کو پورا کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں اور سپروائزر کوفوری طورپر حراست میں لیا گیا اورانہیں معطل کیا گیا ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم واقعہ کی انکوائری کر رہی ہے۔(آج) شام تک رپورٹ سامنے آجائیگی۔ رپورٹ کی روشنی میں سخت ایکشن لیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئیگا۔

متاثرہ خاندان کو انصاف دلانا ہماری ذمہ داری بھی اور فرض بھی۔ انصاف کرکے دکھائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ متاثرہ فیملی کی درخواست پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ماضی میںہونے والے اس طرح کے واقعات کی چشم پوشی کی جاتی رہی۔ سابق دور میں ایف آئی آر درج ہوتی تھی نہ جے آئی ٹی بنتی تھی۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے پر انصاف کے تقاضے پورے کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ اراکین اسمبلی ،پنجاب ا سمبلی کے سیشن میں بھرپور حصہ لیں۔

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ ساہیوال واقعہ انتہائی افسوسنا ک ہے اوراس واقعہ کے فورا ً بعد پنجاب حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دی۔ ہم صوبے کے عوام کے ساتھ اللہ تعالی کو بھی جوابدہ ہیں۔ اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی مظہر عباس راں کی روح کے ایصال ثواب کے لئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں