کرکٹ کی بہتری کیلئے نچلی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے‘احسان مانی

کلب کی سطح پر کوالٹی کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد اہمیت کا حامل ہے نوجوان کھلاڑیوں میں مقابلے کا رجحان بڑھے گا‘چیئرمین پی سی بی

پیر 21 جنوری 2019 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لئے نچلی سطح پر ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے کیوں کہ اس کے بغیر کرکٹ میں آگے بڑھنا مشکل ہے۔پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم میں کرکٹ آرگنائزرشیخ محمداسماعیل، واصف زمان اور شہبازعلی نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات کی۔

کرکٹ آرگنائزر نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو کینن کرکٹ کے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔کینن کرکٹ کے سیکریٹری شہبازعلی نے چیئرمین پی سی بی کو اپنے مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی جس میں انہوں نے بتایا کہ جلد ہی لاہور ریجن کی سطح پر کلب کر کٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس پر ابتدائی کام جاری ہے جب کہ کینن کرکٹ اسکول کرکٹ کے ساتھ صوبائی اور قومی سطح پر بھی کلب کرکٹ کے ایونٹس کروانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

شیخ محمد اسماعیل نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو یقین دلایا کہ وہ کرکٹ کے فروغ کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کوخود کو منوانے کے بھر پور مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔واصف زمان نے چیئرمین پی سی بی کو بتایا کہ لاہور میں کرکٹ گرانڈز کی کمی ایک اہم مسئلہ ہے جس کے حل کے لئے بورڈ کو اقدامات کرنا چاہئیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ کرکٹ فروغ کے لئے کلب آرگنائزرز کا کردار بہت اہم ہے اور کینن کرکٹ نے کلب کرکٹ کے فروغ کے لئے جو منصوبہ بندی کی ہے اس طرز کے اقدامات سے ہی کلب کرکٹ دوبارہ سے فعال ہو گی۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ کلب کرکٹ میں اسپانسرز کا آنا ایک اہم سنگ میل ہے، اسپانسرز کے آنے سے کلب کرکٹ میں بہتری آئے اور کلب کرکٹ میں بہتری کے لئے پی سی بی انتظامیہ تمام تر اقدامات اٹھائے گی۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ نچلی سطح پر ٹھوس اقدامات کے بغیر کرکٹ میں بہتری نہیں آسکتی جب کہ پرائیویٹ آرگنائزرز کی ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹس اور ریجزکو بھی کلب کرکٹ کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔احسان مانی نے مزید کہا کہ کلب کی سطح پر کوالٹی کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی اہمیت کا حامل ہے جس سے نوجوان کھلاڑیوں میں مقابلے کا رجحان بڑھے گا۔ کرکٹ آرگنائزرز نے چیئرمین پی سی بی کو پہلے کینن کپ کا اعزازی سوینئیر بھی پیش کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں