سانحہ ساہیوال کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، ذمہ داران کو سزا دینے تک چین سے نہیں بیٹھیںگے، چوہدری ظہیرالدین

منگل 22 جنوری 2019 17:00

لاہور۔22 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) سانحہ ساہیوال انتہائی افسوسناک ہے ،اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،پنجاب پولیس میں اصلاحات ناگزیر ہو چکیں،واقعہ میں ملوث قانون کو ہاتھ میں لینے والے افراد کو قرار واقعی سزا ملے گی،واقعہ کی تہہ تک پہنچنے کے لئے ہر فورم استعمال کیا جائے گا۔ ان خیالا ت کا اظہارصوبائی وزیر پبلک پراسیکیویشن پنجاب چوہدری ظہیرالدین نے یہاں فیصل آباد سے ملاقات کے لئے آئے معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ واقعہ کی نوبت اگر پراسیکیوشن تک آتی ہے تو میں کیس کی شفاف اور میرٹ پر پراسیکیویشن کی یقین دہانی کراتا ہوں،انہوں نے کہا کہ واقعہ کی مختلف فورمز پر تحقیقات جاری ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام مطمئن رہیںانہیں اس کیس کے ضمن میں تمام تر حقائق سے باخبر رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور شہریوں کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کااس واقعہ پر ردعمل فطری ہے ، حکومت ذمہ داران کو مثالی سزا دینے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں