ملک خیرات پر نہیں معاشی اصلاحات سے چلتے ہیں ‘سینیٹر سراج الحق

موجودہ حکمران معاشی اصلاحات کی بجائے خیرات مانگنے پر لگے ہیں، سعودی عرب اور امارات سے خیرات ملنے پر بڑے خوش ہیں معاشی افلاطونوں کی پالیسیوں اور سود کی لعنت کی وجہ سے معیشت کا بیڑا غرق ہوچکا ہے ‘امیر جماعت اسلامی کا خطاب ،میڈیا سے گفتگو

منگل 22 جنوری 2019 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک خیرات پر نہیں معاشی اصلاحات سے چلتے ہیں مگر موجودہ حکمران معاشی اصلاحات کی بجائے خیرات مانگنے پر لگے ہوئے ہیں، حکمران سعودی عرب اور امارات سے خیرات ملنے پر بڑے خوش ہیں ، معاشی افلاطونوں کی پالیسیوں اور سود کی لعنت کی وجہ سے معیشت کا بیڑا غرق ہوچکا ہے ، حکومت سال میں تیسرا بجٹ پیش کر رہی ہے جبکہ اس سے قبل ایک سال میں ایک ہی بجٹ آتاتھا ، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے ملوگ اتنا سیلاب اور زلزلے سے نہیں ڈرتے جتنا بجٹ سے خوفزدہ ہوتے ہیں ، حکومت آئی ایم ایف اورورلڈ بنک کی ڈکٹیشن پر ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی کررہی ہے ، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کاغذ کا بے وقعت ٹکڑا بن چکاہے اب تو افغانستان کی افغانی اور بنگلہ دیش کا ٹکہ بھی روپے سے زیادہ قیمتی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوںنے منڈی بہائوالدین میں پاہڑیانوالا پریس کلب کے نو منتخب صدر اسد ظہیر بابر و دیگر نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی شمالی پنجا ب ڈاکٹر طارق سلیم بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے پھالیہ میں تعزیتی اجتماع اور ضلعی امیر رانا محمد اعظم کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت کی ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت کے معاشی افلاطونوں کے رنگ اڑے ہوئے اور زبانیں گنگ ہوچکی ہیں ۔ان کو سمجھ نہیں آرہی کہ بڑے بڑے دعوئوں کو کیسے پورا کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اب تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ اس حکومت کو چلا کون رہاہے اور فیصلے کہاںہوتے ہیں لگتاہے کہ فیصلے اس وقت ہوتے ہیں جب قوم سورہی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر قوم کو عزت و وقار سے زندہ رہناہے تو سونے کی بجائے جاگنا پڑے گا ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت میں بھی وہی لوگ بیٹھے ہیں جو دوسری حکومتی پارٹیوں میں شامل تھے اور بار بار اقتدار کے مزے لے چکے ہیں وہی جاگیردار ، وڈیرے اور سرمایہ دار موجودہ حکومت میں ہیں ان سے کسی خیر اور تبدیلی کی کوئی توقع نہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں کوئی قدرتی آفت ہے نہ ہنگامی حالات ہیں اس کے باوجود مہنگائی کا طوفان تھمنے میں نہیں آرہا۔

ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے احکامات پر روپے کی مسلسل بے قدری پر عوام سراپا احتجاج ہیں ۔ موجودہ حکومت نے عوام کی پریشانیوں اور مشکلات میں اضافہ کردیاہے ۔ حکومتی وعدوں کے مطابق پانچ ماہ میں دس لاکھ نوجوانوں کو روزگار اور پانچ لاکھ بے گھر افراد کو گھر ملنے چاہئیں تھے مگر حکومت لوگوں سے گھر اور روزگار چھین رہی ہے ۔ حکمرانوں کے پاس کوئی وژن نہیں اور نہ ہی ان میں کوئی صلاحیت ہے ۔

انہوںنے کہاکہ حکمران سمجھ چکے ہیں کہ وہ مسلسل ناکامی کی طرف جارہے ہیں پہلے پانچ ماہ میں ہی حکومت نے عوا م کو مایوسی کے غار میں دھکیل دیاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جس طرح سابقہ حکومتوں میں لوگوں کو قتل کیا جارہاتھا ، اسی طرح موجودہ حکومت لوگوں سے زندہ رہنے کا حق چھین رہی ہے ۔ وزیراعظم نے اعلان کیا تھاکہ وہ جھوٹ نہیں بولیں گے اور قوم کوہمیشہ حقیقی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا مگر ساہیوال واقعہ میں پنجاب حکومت نے ایک دوبار نہیں مسلسل سات بار جھوٹ بولا اور مجرموں کو بچانے کی کوشش کی ۔

انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی نے پہلی بار ایسا نہیں کیا ، عوام چاہتے ہیں کہ گزشتہ ادوار میں ہونے والے پولیس مقابلوں اور سی ٹی ڈی کے ہاتھو ں قتل ہونے والوں کا مکمل ریکارڈ حاصل کر کے اس کا آڈٹ کیا جائے ۔قاتلوں سے انصاف کی توقع کرنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں ۔ عوام کو خون چوسنے والے حکمران لوگوں کو تحفظ نہیں دے سکتے ۔ اب مظلوم اور محروم لوگوں کے لیے ملک میں اسلامی انقلاب کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا ۔

اسلامی نظام ہی رحمت اور برکت کا نظام ہے جس سے ملک و قوم کے تمام وسائل حل ہوسکتے ہیں ۔ ہم ملک میں قرآن وسنت کی بالادستی اور نظام مصطفی ؐکے نفاذ کی جدوجہد کررہے ہیں ۔ عوام ظلم و جبر کے خاتمہ اور ملک میں عادلانہ نظام کے قیام میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ، اب جماعت اسلامی کے سوا قوم کے پاس دوسرا کوئی آپشن نہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں