پنجاب حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے حکم اوروعدے کے مطابق سانحہ ساہیوال کے حوالے سے تیز اور شفاف تحقیقات کا اپنا وعدہ مکمل کیا

جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جا رہاہے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے

منگل 22 جنوری 2019 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2019ء) پنجاب حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے حکم اوروعدے کے مطابق سانحہ ساہیوال کے حوالے سے تیز اور شفاف تحقیقات کا اپنا وعدہ مکمل کیا ہے اور جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جا رہاہے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔

یہ بات صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ اور سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے وزیر اعلیٰ آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے بتایا کہ سانحہ ساہیوال کی ابتدائی رپورٹ ،جے آئی ٹی کے سربراہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کوپیش کی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق خلیل اور ان کے خاندان کے قتل کا ذمہ دارسی ٹی ڈی کے افسران کو ٹھہرایا گیا ہی-انہوں نے بتایا کہ رپورٹ کی روشنی میںایڈیشنل آئی جی(آپریشن )پنجاب ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب ،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ،ایس ایس پی سی ٹی ڈی،ڈی ایس پی سی ٹی ڈی ساہیوال اور مقابلے میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی آپریشن پنجاب کو عہدے سے فوری طورپر ہٹا کر وفاقی حکومت رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو فوری طو رپر عہدے ہٹا دیاگیاہے اورڈی آئی جی سی ٹی ڈی کو بھی عہدے سے ہٹا کر وفاقی حکومت رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر قانون نے بتایا کہ ایس ایس پی سی ٹی ڈی اورڈی ایس پی سی ٹی ڈی ساہیوال ریجن کو بھی معطل کر دیا گیاہے - انہوں نے بتایا کہ مقابلے میں ملوث سی ٹی ڈی کے 5افسران کو مقدمے میں چالان کر کے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے -محمد بشارت راجہ نے بتایا کہجے آئی ٹی کی رپورٹ کے مطابق ذیشان کے متعلق مزید تفتیش اورثبوت اکٹھے کرنے کے لئے مہلت کی درخواست کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس کو مثال بنا کر متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگ سالوں انصاف کے لئے تگ و دو کرتے رہے مگر انہیں انصاف نہیں مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کمٹمنٹ ہے کہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں لازوال ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں