صوبائی وزرا صنعت اور خزانہ کی زیر صدارت سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس

پنجاب کو صحیح معنوں میں تجارتی،معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے، میاں اسلم اقبال سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پنجاب آئی ٹی و انویسٹمنٹ بورڈ کو مزید فعال بنایا جارہا ہے، وزیر خزانہ

بدھ 23 جنوری 2019 22:41

لاہور۔23 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال اورصوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صنعتکاری،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ٹیکسوں سے متعلقہ امور پرمشاورت کی گئی۔سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جہانزیب برانہ ،چیئرمین پیڈمک،ڈائریکٹر جنرل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو صحیح معنوں میں تجارتی،معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے،صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی ساز گار ماحول پیدا کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن کا بھی آغاز کیا جارہا ہے،جس کے تحت پنجاب کے 26اور وفاق کے 19محکمے ایک چھت تلے سرمایہ کاروں کے مسائل حل اور انہیں سرمایہ کاری کے حوالے سے سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کارکمپنیوں سے سود مند بات چیت ہوئی ہے ، ان کمپنیوں کی سفارشات کی روشنی میں آئندہ کا ایکشن پلان طے کرکے آگے بڑھیں گے۔صوبائی وزیر نے سب کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی مستقبل کے لائحہ عمل کو طے کرنے کیلئے سرمایہ کار کمپنیوں کی سفارشات اور تجاویز کا جائزہ لے گی۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز اورسپیشل اکنامک زونز اور نئے صنعتی زونز کے قیام کیلئے حکمت عملی بنا لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر جہاں طرز حکمرانی کو بہتر کیا جا سکتا ہے وہاں سرمایہ کاری بھی بڑھائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سٹیٹ آف دی آرٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک بنایا جائے گا، صنعتوں کو درپیش مسائل بھی آئی ٹی سیکٹر کے فروغ سے حل کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مارکیٹ کے ذریعے پاکستان کی مارکیٹنگ کو بہتر کیا جا سکتا ہے ، ای کامرس کا فروغ بھی وقت کی ضرورت ہے،اس جانب ہمیں تیزرفتاری سے آگے بڑھنا ہے۔

وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے کہا کہ انفارمیشن کی ٹیکنالوجی کی صنعت مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے اہم صنعت ہے ،اس کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کیلئے تیار ہیں۔اس مقصد کیلئے جہاں پالیسی میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہوگی وہاں پالیسی میں تبدیلی لائیں گے اورجہاں قانون سازی کی ضرورت ہو گی وہاں قانون سازی بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لیبر مارکیٹ میںآئی ٹی پروفیشنلز کی فراہمی کیلئے آئی ٹی سکلز ڈویلپمنٹ کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

وفاق کے ساتھ صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے بحران کی ایک بڑی وجہ رابطے کا فقدان بھی ہے، اس کے خاتمے کیلئے بھی نیٹ ورکنگ کی جائے گی۔سرمایہ کاروں کی شکایات دور کرنے کیلئے ون ونڈو سروسز اور انویسٹمنٹ پورٹل پر کام کا آغاز کر دیا ہے، سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پنجاب آئی ٹی بورڈ اور پنجاب انویسٹمنٹ بورڈ کو مزید فعال بنایا جارہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں