سانحہ ساہیوال کے بعد پولیس ناکوں پر چیکنگ کیلئے نئے ایس او پیز جاری

کسی قسم کی ایسی کارروائی نہ کی جائے جس سے انسانی جان کو خطرہ لاحق ہو ، مشکوک گاڑی دوران تلاشی نہ روکے تو اس پر کسی قسم کا فائرنہ کیا جائے

بدھ 23 جنوری 2019 22:47

سانحہ ساہیوال کے بعد پولیس ناکوں پر چیکنگ کیلئے نئے ایس او پیز جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) سانحہ ساہیوال کے بعد پولیس ناکوں پر چیکنگ کیلئے نئے ایس او پیز جاری کردئیے گئے جس میں حکم دیا گیا ہے کہ کسی قسم کی ایسی کارروائی نہ کی جائے جس سے انسانی جان کو خطرہ لاحق ہو ،اگر کوئی مشکوک گاڑی دوران تلاشی نہ روکے تو اس پر کسی قسم کا فائرنہیں کیا جائے گا بلکہ وائرلیس سیٹ متعلقہ تھانہ اور دیگر ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے گاڑی کو روکا جائے ، دوران تلاشی کسی قسم کی مزاحمت نہ کی جائے ۔

قانون کے مطابق حفاظت خود اختیاری کا حق اتنا ہی ہے جس کی اجازت قانون دیتا ہے ۔د وران ڈیوٹی افسران وملازمان وقت کی پابندی اورمطابق نمونہ اور صاف یونیفارم پہنچیں گے ۔ دوران ڈیوٹی افسران و ملازمان اپنے ہمراہ وائرلیس سیٹ اور مناسب اسلحہ اپنے پاس رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

تمام ناکہ انچارج کے پاس کنٹرول روم ، متعلقہ ایس ایچ او کا فون نمبر لازمی ہے ۔

دوران ڈیوٹی گاڑیوں کے کاغذات کی چیکنگ سے اجتناب کریں گے شکایت موصول ہونے پر متعلقہ پولیس افسرکے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انچارج ناکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ صرف مشکوک گاڑیوں کو ہی چیکنگ کیلئے روکا جائے گا غیر ضروری طور پر کسی گاڑی کو روک کر شریف شہریوں کو بلاوجہ تنگ نہیں کیا جائے گا ۔ دوران چیکنگ عوام سے گفتگو کے دوران محکمہ کے امیج کو بہتر کرنے کیلئے شائستگی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے نرم لہجے میں بات کی جائے ۔

ناکوں پر مشکوک گاڑیوں ،پیدل اشخاص کی چیکنگ کیلئے انڈ رائیڈ موبائل فون ایس وی اے ایس سسٹم کے استعمال کو یقینی بنا یا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مشکوک اشخاص کی چیکنگ عمل میں لاکر کارکردگی کو مزید بہتر کیا جاسکے ۔ تمام محرران و ناکہ انچارج اپنے ملازمان اور شفٹ کو درج بالا ہدایات ڈیوٹی شروع ہونے سے پہلے پڑھ کر سنائیں ، لاپرواہی کی صورت میں متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں