پیپلز پارٹی کا سپیکر کی رولنگ کے باوجود ایوان کی بجائے پہلے میڈیا کو سانحہ ساہیوال پر بریفنگ دینے پر تحریک استحقاق لانے کا اعلان

حکومت نے پہلے اپنے پیاروں کو بریفنگ دیکر معزز ایوان کی توہین کی ،ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے‘پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ

جمعرات 24 جنوری 2019 17:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے سپیکر کی رولنگ کے باوجود ایوان کی بجائے پہلے میڈیا کو سانحہ ساہیوال پر بریفنگ دینے پر تحریک استحقاق لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے معزز ایوان کی توہین کی ہے جس پر ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سپیکر کی رولنگ کی خلاف ورزی پر حکومت کے خلاف طبل جنگ بجا دیا،حکومت پنجاب اسمبلی میں وہ ان کیمرہ بریفنگ دے رہی ہے جو پہلے اپنے پیاروں کو دے چکی ہے، بریفنگ میں فیاض الحسن چوہان بھی موجود تھے۔عمران خان کنٹینر پر کھڑے ہوکر پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹمپ کہتے تھے انہوں نے ثابت کردیا ہے، سپیکر سانحہ ساہیوال پر بریفنگ نہ دینے کی رولنگ دے چکے تھے لیکن حکومت نے ارکان اسمبلی سے پہلے میڈیا کو ان کیمرا بریفنگ دیکر ثابت کر دیا کہ ان کے سامنے سپیکر کی کوئی حیثیت نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے معزز ایوان کی توہین کی ہے،اسپیکر کی رولنگ کے باوجود ایوان کی بجائے پہلے میڈیا کو بریفنگ دینے پر پیپلز پارٹی تحریک استحقاق لے کر آئے گی،سپیکر کی رولنگ کی خلاف ورزی پر ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج نام نہاد بریفنگ میں وزیر اعلی جو وزیر داخلہ بھی ہیں نہ وہ ہیں نہ سپیکر ۔جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو آج جہدوجہد کے لئے نہ ذوالفقار علی بھٹو ہیں نہ بے نظیر۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں