ترمیمی فنانس بل سے آئی سی یو میں پڑی معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی، مسرت جمشید چیمہ

جمعرات 24 جنوری 2019 17:50

لاہور۔24 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) تحریک انصاف کی رکن پنجا ب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ترمیمی فنانس بل سرمایہ کاری ، برآمدات اور صنعتوں کے فروغ کا باعث بنے گا جس سے آئی سی یو میں پڑی معیشت کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ کم لاگت گھروں کیلئے 5ارب روپے بطور قرض حسنہ مختص کرنا قابل تعریف اقدام ہے ، کیا ماضی میں ساہیوال جیسے واقعات پر ایوان کو ان کیمرہ بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن شور شرابہ کر کے اصل میں اپنی ختم ہوتی سیاست کا ماتم کر رہی ہے۔ صنعت ، زراعت اور سرمایہ کاری کیلئے مراعات دینا اور بڑی گاڑیوں ، سگریٹس اور درآمدی لگژری آئٹمز پر ٹیکسز میں اضافہ کیا غلط اقدام ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے سیونگ سکیموں پر ٹیکس ختم کردیا ہے ، سیونگ سرٹیفکیٹس سے کونسا طبقہ استفادہ کرتا ہے۔

غیر ملکی ڈبہ پیک دودھ، شیمپو، کریم اور پنیر غریب کے استعمال کی اشیاء ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ترمیمی فنانس بل میں سولر پینل ، کاشتکاروں کیلئے ڈیزل انجن ، یوریا کھاد سستی کی گئی ہے۔ اسی طرح طبی آلات اور مصنوعات کی درآمد پر ڈیوٹی میں کمی کی گئی ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اصلاحات کے ذریعے بہتری لانے پر گامزن ہے، اس کیساتھ ساتھ قانون کی عملداری کو یقینی بنا رہے ہیں۔ سانحہ ساہیوال پر ایوان کو ان کیمرہ بریفنگ دی گئی ہے جبکہ ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں