پروفیسر مختار بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ ،ڈیسکون اور ایگزونوبل نے اپنے میچزجیت لیے

ڈیسکون نے سٹیورٹ الیون کا 94رنز کا ہدف ایک وکٹ پر حاصل کر لیا،ایگزونوبل کے 158رنز کے تعاقب میں یو بی ایس الیون 115رنز بنا سکی

اتوار 17 فروری 2019 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے تحت کھیلے گئے مقابلوں میں ڈیسکون اور ایگزونوبل نے اپنے میچز جیت لئے، ٹورنامنٹ میں کارپوریٹ سیکٹر کی آٹھ ٹیمیں شریک ہیں۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب ایل سی سی اے گرائونڈ میں منعقد ہوئی جس میں تمام ٹیموں کے کھلاڑی شریک ہوئے ۔ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ڈیسکون اور سٹوورٹ الیون کے درمیان کھیلا گیا جس میں ڈیسکون نے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔

سٹیورٹ الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنائے۔ٹیم ڈیسکون نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔ڈیسکون کی جانب سے کپتان فہیم بٹ اور حامد رضا نے دو ،دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محمد مبشر نے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

(جاری ہے)

ایل سی سی اے گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ایگزونوبل نے یو پی ایس الیون کی ٹیم کو 43 رنز سے شکست دیدی۔

ایگزونوبل نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔فیصل سعید نے 45 رنز کی اننگز کھیلی ۔ عمر دراز اور بلال انجم نے دو ، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔یو بی ایس الیون مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 115 رنز پرآئوٹ ہو گئی ۔احمر جاوید نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

ٹورنامنٹ کے رائونڈ میچز اگلے ہفتے لاہور کی مختلف کرکٹ گرائونڈز میں کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ کے آرگنائزر فہیم بٹ نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے پروفیسر مختار احمد بٹ کی تعلیم کے شعبے میں بے پناہ خدمات ہیں جنہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اس ٹورنامنٹ کاانعقاد کیا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں اس طرح کی شخصیات کی خدمات کو کسی نہ کسی طرح یاد رکھنا چاہیے اور ایسی قومیں ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں