ڈیرہ غازی خان میں پولیس وین پر فائرنگ کا معاملہ

آئی جی پنجاب کے نوٹس لینے پر آر پی او ڈیرہ غازی خان نے تفصیلی رپورٹ پیش کر دی

اتوار 17 فروری 2019 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، امجد جاوید سلیمی نے ڈیرہ غازی خان میں پنجاب ہائی وے پٹرولنگ وین پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی، جس پر کاروائی کرتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان،عمر شیخ نے تفصیلی رپورٹ آئی جی پنجاب کو پیش کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایچ پی پٹرولنگ پوسٹ شادن لنڈکے علاقہ میں پل نوتک کے قریب کچھ نامعلوم مسلح افراد نے شہری محمد رمضان سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل 125ہنڈا چھین لیا اور مزاحمت پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ فائرنگ کی آواز سن کر پیٹرولنگ کرتی ہوئی پولیس شفٹ پارٹی فوراً موقع پر پہنچی۔ مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر بھی فائرنگ کی اور ملزمان کی فائرنگ کے نتیجہ میں تین کانسٹیبلان، غلام فرید،ارشاد حسین اور محمد اسماعیل زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

وقوعہ کی اطلاع ملنے پرڈی پی او ڈیرہ غازی خان عاطف نذیر، SPانویسٹی گیشن ڈیرہ غازی خان، ڈی ایس پی سرکل صدر،SHOپولیس سٹیشن کالا،اور انچارج کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچے اور کاروائی کا آغاز کیا۔آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کی ہدایت کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ غازی خان میں بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔ مقامی پولیس قانونی کاروائی کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں