بھینس پاکستان کا ’’بلیک گولڈ‘‘ ہے،دیہات کے عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے لائیوسٹاک کو ترقی دیں گے‘عثمان بزدار

لائیوسٹاک کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے انجن ہے، پنجاب میں بھینس دیہی معیشت کو سنوارنے میں اہم کردار کر رہی ہے انٹرنیشنل بفلو کانگریس میں مویشی پال، بفلو بریڈر، ویٹرنری سائنسدانوں اور لائیوسٹاک ماہرین کے گرانقدر تجربات سے مستفید ہونگے دودھ اور گوشت کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے جدید تکنیک اپنانا ہوگی، لائیوسٹاک کے فروغ سے لیدر انڈسٹری بھی ترقی کرے گی مویشیوں کیلئے بیماریوں سے پاک زون قائم کئے جا رہے ہیں،چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کا آغاز جلد ہوگا‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 18 فروری 2019 18:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دیہات کے عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے لائیوسٹاک کو ترقی اور فروغ دیں گے۔ پنجاب کی بھینس پاکستان کا ’’بلیک گولڈ ‘‘ہے جس سے معاشی طورپر پورااستفادہ کریں گے۔وہ مقامی ہوٹل میں انٹرنیشنل بفلو کانگریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انٹرنیشنل بفلو کانگریس اور سائینوپاک جوائنٹ بفلو ریسرچ سینٹر کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے ماہرین اوراعلی حکام میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لائیوسٹاک کے شعبے کو ملکی معیشت کی ترقی کیلئے انجن کے کردار جیسی حیثیت حاصل ہے۔ پنجاب میں بھینس دیہی معیشت کو سنوارنے میں اہم کردار کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل بفلو کانگریس میں مویشی پال، بفلو بریڈر، ویٹرنری سائنسدان اور لائیوسٹاک ماہرین ایک دوسرے کے گرانقدر تجربات سے مستفید ہوں گے۔ ہمیں پنجاب میں دودھ اور گوشت کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر جدید تکنیک اپنانا ہوگی۔ لائیوسٹاک کے فروغ سے لیدر انڈسٹری بھی ترقی کرے گی اور ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے انقلابی اور اختراعی وژن کے مطابق لائیوسٹاک کے فروغ اور ترقی کیلئے ہمہ وقت پرعزم ہیں۔ پنجاب اب نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ لائیوسٹاک کی جدید تکنیک اپنا کر نہ صرف دودھ اور گوشت کی ملکی ضروریات پوری کی جائیں گے بلکہ برآمدات بڑھا کر قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جاسکے گا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں مویشیوں کیلئے بیماریوں سے پاک زون قائم کئے جا رہے ہیں۔

بہاولپور میں چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کا آغاز جلد ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے غیرملکی شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل بفلو کانگریس میں غیرملکی سائنسدانوں کی شرکت خوش آئند امر ہے۔ ان کی سفارشات اور آرا لائق تحسین ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ ڈیری فارمنگ کے فروغ کیلئے نئے آئیڈیاز کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

اطالوی سائنسدان و سیکرٹری انٹرنیشنل بفلو فیڈریشن انتیونیو برگزے نے کہا کہ پاکستان کے دیہات میں بسنے والے لوگ بھینس سے محبت کرتے ہیں اور اس کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کہا کہ بھینس جنوبی ایشیا کا مقبول ترین مویشی ہے۔ بھینس کو دیہاتیوں کو غربت سے نکالنے کیلئے استعمال کریں گے۔ صوبائی وزراء ملک نعمان لنگڑیال، آشفتہ ریاض، مشیر وزیراعلیٰ فیصل حیات جبوانہ، متعدد ممالک کے ویٹرنری سائنسدانوں، لائیوسٹاک ماہرین اوربریڈرز نے انٹرنیشنل بفلوکانگریس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں