صوبائی وزیر جنگلات محمد سبطین خان کی زیر صدارت لکڑی چوری کے واقعات کی روک تھامکے حوالے سے اجلاس

اجلاس میں لکڑی چوری کے واقعات کی روک تھام کے پیش نظر کمپلینٹ سیل قائم کرنے کا فیصلہ،لکڑی چوروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا‘ محمد سبطین خان

پیر 18 فروری 2019 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) صوبائی وزیر جنگلات وائیلڈ لائف و فشریز محمد سبطین خان کی زیر صدارت پنجاب سول سیکر ٹریٹ نیو منسٹر بلاک میں محکمہ جنگلات پنجاب کا اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں سیکریٹری فاریسٹ کیپٹن (ر)محمد آصف اورمحکمہ جنگلات کے تمام چیف کنزرویٹرز، کنزرویٹرز، ڈی ایف اوز سمیت افسران نے شرکت کی۔

سیکریٹری فاریسٹ اور افسران نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ جنگلات صوبے میں مختلف اسکیموں کی مدمیں بڑے پیمانے پر شجر کاری کر رہا ہے ۔تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں شجر کاری کی جا رہی ہے ۔پلانٹ فار پاکستان ڈے پر پورے پنجاب میں 6 لاکھ پودے لگائے گئے ۔ محکمہ جنگلات کی قائم کردہ 244نرسیوں سے مفت پودے تقسیم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پنجاب میں لکڑی چوری کے واقعات اور ان کی روک تھام کے لیے سخت حکمت عملی بنانے پر غور کیا گیاتمام ڈسٹرکٹ فاریسٹ افسران نے صوبائی وزیر کو لکڑی چوری کے واقعات، ان پر قائم کیسز، اور ریکوری کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ لکڑی چوری کے واقعات کے پیش نظر ایک کمپلینٹ سیل قائم کیا جائے جو محکمہ جنگلات پنجاب کے تین سینئر اور ایماندار افسران پر مشتمل ہو۔

یہ کمپلینٹ سیل ہنگامی بنیادوں پر لکڑی چوری کے واقعات پر ایکشن لے کر رپورٹ پیش کرے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ لکڑی چوری کے واقعات کی نشاندہی کرنے والے کو انعام دیا جائے گا۔اجلاس میں لکڑی چوری پر جرمانہ کی شرح کو بھی بڑھا دیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ جہاں بھی لکڑی چوری کا واقعہ رونما ہو گا اس کا ذمہ دار متعلقہ ڈی ایف او اور متعلقہ عملہ ہو گا ۔

اس ضمن میں کسی بھی قسم کی لا پروائی و کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اورلکڑی چوری پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جنگلات کے رقبہ کے قریب ہر قسم کی آرا مشینیں فوری طور پربند کروانے کے لیے موثر حکمت عملی بنائی جائے۔ کسی بھی قسم کی کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔بعد ازاں صوبائی وزیر جنگلات محمد سبطین خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کا شعبہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے ۔

پوری محنت اور لگن کے ساتھ کلین اینڈ گرین پنجاب کیلئے کام کر رہے ہیں۔ اب تک صوبے میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جا چکی ہے جبکہ 10ملین پودے موسم بہار میں لگا دیئے جائیں گے۔محکمہ جنگلات کی نرسیوں میں پونے تین کروڑ پودے تیار کیے جا چکے ہیں ۔بلین ٹری کے تحت صوبے میں 55کروڑ پودے لگائیں گے ۔ اب تک محکمہ جنگلات کی کافی اراضی قبضہ مافیہ سے واگزار کر وا لی گئی ہے۔

پلانٹ فار پاکستان ڈے پر بلوکی میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے لکڑی چوری کے واقعات کے روک تھام پر سخت حکمت عملی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لکڑی چوروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔وہ دن دور نہیں جب وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے میں موجود جنگلات کو ان کی اصل حالت میں واپس لے آئیں گے ۔صوبے میں سبز انقلاب لانا ہمارا مقصد ہے اور بہت جلد عوام کو سر سبز پاکستان بنتا نظرآئے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں