پولیس نے تاوان کیلئے اغواء کیے گئے مغوی بچے 4سالہ محمد شعیب کو بازیاب کروالیا

پیر 18 فروری 2019 21:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) کینٹ انویسٹی گیشن پولیس نے 25 لاکھ روپے تاوان کے لیے اغواء کیے گئے مغوی بچے 4سالہ محمد شعیب کو بازیاب کرواکر واردات میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے تاوان کی رقم برآمد کر لی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن شاہنواز نے آج تھانہ ڈیفنس Aمیں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن شاہنواز نے بتایا کہ ڈی ایس پی ڈیفنس سرکل قیصر مشتاق، ڈی ایس پی سی آئی اے رانا زاہد، سی آئی اے انسپکٹر غلام نبی بٹ، انچارج انویسٹی گیشن فیکٹری ایریا شبیر اعوان اور انچارج آئی ٹی کینٹ محمد ارشد سمیت دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اور کڑیوں کو ایک دوسرے سے ملاتے ہوئے اغوا برائے تاوان کی واردات میں ملوث 3 ملزمان عبداللہ، فرخ اور عادل کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر کے مغوی4سالہ بچے محمد شعیب کو بازیاب کروا لیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملزمان نے مغوی محمد شعیب کو 25لاکھ روپے تاوان کے لیے اغوا کیا تھا۔گرفتار ملزمان سے تاوان کی رقم برآمد کر لی گئی ہے۔ بازیاب بچے کو والدین کے سپرد کر دیا گیا جس پر انہوں نے انویسٹی گیشن پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔ آخر میں ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن شاہنوازنے اغوا برائے تاوان کی واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے بچے کو بحفاظت بازیاب کروانے پر پولیس ٹیم کیلئے تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں