محکمہ سیاحت پنجاب کی چولستان جیپ ریلی کی چارروزہ تقریبات اختتام پذیر، نادرمگسی ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب

حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے، بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا‘یاسر ہمایوں /جرمن سفیر

پیر 18 فروری 2019 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) محکمہ سیاحت پنجاب کے زیر اہتمام چودھویں چولستان جیب ریلی کی چار روزہ رنگارنگ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں. ریلی میں 118 گاڑیوں نے حصہ لیا جن میں 5 خواتین کھلاڑی بھی شامل تھیں. وزیر سیاحت پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اورپاکستان میں جرمن سفیر مارٹن کوبلر نیبطور مہمان شرکت کی۔چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی پاکستان کاایک بڑا اسپورٹس فیسٹول بن چکا ہے۔

پاکستان کے صحرائے چولستان میں ڈیزرٹ جیپ ریلی کا پہلا مرحلہ قلعہ دراوڑ کے مقام پر دلوش اسٹیڈیم میں ہوا۔ 4 روزہ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کے دوران شائقین کی بڑی تعداد صحرا ئی علاقے میں جیپ ریلی اور چولستانی ثقافت سے لطف اندوز ہوئے۔ اس سال 14 ویں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کیلئے بنایا گیا ٹریک 460 کلومیٹر طویل تھا اور ٹریک کو صحرائے چولستان کے تاریخی قلعوں کے ساتھ ساتھ گزاراگیا۔

(جاری ہے)

14ویں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کی خواتین کیٹگری میں دفاعی چیمپئن تشنا پٹیل نے خواتین کیٹگری کا میدان مار لیا‘ سلمیٰ ثروت دوسرے نمبر پر رہیں جبکہ گاڑی خراب ہونے کے باعث عاصمہ صدیقی ریس سے باہر ہو گئیں سٹاک کیٹگری کے مقابلوں میں منصور حلیم پہلے‘ صاحبزادہ بہادر عزیز دوسرے جبکہ شہزاد اور ماجد تیسرے نمبر پررہے۔صوبائی وزیر سیاحت پنجاب راجہ یاسر ہمایوں نے ریلی میں شرکت پر جرمن سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا۔ پاکستان کی ثقافت اور تاریخ اور جغرافیائی خوبصورتی قابل دید ہے۔14ویں چولستان جیپ ریلی کا ٹائٹل دفاعی چیمپئن نادر مگسی نے جیت لیا، فائنل راو?نڈ میں 33 ڈرائیورز میں مقابلہ ہوا،نادر مگسی نے پرپیئرڈ کیٹیگری کے دونوں مرحلوں میں 465 کلومیٹر کا ٹریک 4 گھنٹے 29 منٹ اور تین سیکنڈ میں طے کیا جبکہ زین دوسرے نمبر پر رہے۔

تقریبات میں مقامی چولستانی فنکاروں کی پرفارمنس کا اہتمام کیاگیا حس میں صوبائی وزیر سیاحت پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز، کمشنر بہاولپور نیئراقبال، جرمن سفیر مارٹن کوبلر، ایم ڈی ٹی ڈی سی پی احمر ملک نے شرکت کی۔ کلچرل نائٹ دلوش سٹیڈیم چولستان میں منعقد کی گئی‘ انتظامیہ کی جانب سے نصف گھنٹے تک آتش بازی کا مظاہرہ کیاگیا۔ چولستانی گلوکاروں نے محفل موسیقی میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں