شہباز شریف کی طرف سے دائر ہتک عزت کے دعویٰ پر عمران خان کے وکیل کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم

جمعہ 22 فروری 2019 15:14

شہباز شریف کی طرف سے دائر ہتک عزت کے دعویٰ پر عمران خان کے وکیل کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) سیشن عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف سے دائر ہتک عزت کے دعویٰ پر وزیر اعظم عمران خان کے وکیل بابر اعوان کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 13مارچ تک ملتوی کر دی ۔ایڈیشنل سیشن جج محمد امجد خان نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف ہرجانے سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔بابر اعوان کے ایسوسی ایٹ نے استدعا کی کہ عمران خان کے وکیل بابر اعوان اعلی عدلیہ میں مصروف ہیں، مہلت دی جائے۔عدالت نے عمران خان کے وکیل بابر اعوان کے ایسوسی ایٹ کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے مزید کارروائی کے لیے کیس کی سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی ۔

شہباز شریف نے وزیر اعظم پاکستان عمران کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔ وکیل کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے شہباز شریف کے خلاف دھرنا ختم کرنے کے لیے پیسے دینے کا بے بنیاد الزام عائد کیا تھا، عمران خان نے کہا تھا کہ ایک شخص کے ذریعے دھرنا ختم کرنے کے متعلق مجھے کڑووں روپے کی آفر کی گئی،وزیر اعظم عمران خان کے خلاف سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے 8 جولائی 2017 کو ہرجانے کا دعوی دائر کیا گیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں