بھارت کا خطے کا تھانیدار بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا ،

وزیر اعظم نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی‘ جمشید چیمہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے ،سی پیک کی تکمیل سے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شمار ہوگا ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

جمعہ 22 فروری 2019 15:54

بھارت کا خطے کا تھانیدار بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی دھمکیوں کا بھرپور جواب دے کر قوم کے جذبات اور امنگوںکی ترجمانی کی ہے ،بھارت خطے کا تھانیدار بننا چاہتا ہے لیکن اس کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا ، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی معیشت حقیقی معنوں میں درست سمت میں گامزن ہو چکی ہے اور بھارت کو ہمارا کامیابی کی جانب بڑھنا ہضم نہیں ہو رہا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بھارت کو واضح پیشکش کر چکے ہیں کہ ہمیں تمام متنازعہ امور بیٹھ کر حل کرنے چاہئیں ، دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے لڑنے کی بجائے خطے میں پھیلی غربت اور افلاس کے خلاف لڑنا چاہیے لیکن بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھا۔

(جاری ہے)

بھارت کی مسلسل دھمکیوں اور گیدڑ بھبھکیوں پر وزیر اعظم عمران خان نے بھرپور جواب دے کر قوم کے جذبات او رامنگوں کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی ،عسکری قیادت اور قوم ایک پیج پر ہے اور بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کامنہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ نریندر مودی اپنے سیاسی فائدے کے لئے پورے خطے کا امن دائو پر نہ لگائیں ۔پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور سی پیک کی تکمیل سے ہمارا شمار ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہوگا اور یہی کامیابی بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں