پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام اسلامی سربراہی کانفرنس کی سالگرہ کے حوالے سے تقریب کا اہتمام

پیپلزپارٹی الزامات اور مقدمات سے نہیں ڈرتی پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے حقوق پر ڈھاکہ نہیں ڈالنے دے گی‘قمر زمان کائرہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی کرپشن کارڈ استعمال کر کے مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے اب الزام سے صدر، وزیر اعظم اور سپیکر بھی نہیں بچ سکے گا‘تقریب سے خطاب

جمعہ 22 فروری 2019 20:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کی جانب سے اسلامی سربراہی کانفرنس کی سالگرہ کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ، سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ، چوہدری منظور احمد، نوید چوہدری، حاجی عزیز الرحمن چن، سید حسن مرتضی، فائزہ ملک، عابد حسین صدیقی کے علاوہ پنجاب اور لاہور تنظیم کی قیادت، عہدیداران و کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی کارکنان نے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پارٹی نعرے درج تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ آج کا دن شہید ذوالفقار علی بھٹو کے افکار کی یاد دلاتا ہے آج بھی مسلم ممالک آپس میں دست و گریباں ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری سب کو اکٹھا ہونے پر زور دے رہے ہیں لیکن سابق حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی کرپشن کارڈ استعمال کر کے مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ پاکستان میں دوسری اسلامی سربراہی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قائدانہ صلاحیتوں کا عظیم کارنامہ تھا۔

پاکستان پیپلزپارٹی ہر سال اس دن کو منائے گی۔ اس موقع پر قمر الزمان کائرہ نے جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد عوام نے اسلامی ممالک کو ظالموں اور سامراج کے خلاف اکٹھا کیا اس اتحاد کا مقصد پوری دنیا کے ترقی پذیر ممالک کی وکالت تھا آج کی طرح اُس وقت بھی مسلم ممالک آپس میں لڑ رہے تھے اسی لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی ممالک کو اکٹھا کیا پاکستان پیپلز پارٹی ہر سال اس دن کو منائے گی۔

قائد عوام نے اسلامی ملکوں کو متحد کیا آج بلاول بھٹو زرداری بھی متحد ہونے پر زور دے رہے ہیں۔ اُس وقت 40 اسلامی ممالک کے سربراہان نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو اپنا سربراہ چنا آج ایک شہزادہ آتا ہے اور ہمارے وزیر اعظم کو ڈرائیور بنا کر چلا جاتا ہے۔ انہوں نے آغا سراج درانی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی الزامات اور مقدمات سے نہیں ڈرتی پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے حقوق پر ڈھاکہ نہیں ڈالنے دے گی۔

حکومت نے پہلے سندھ حکومت ختم کرنے کی کوشش کی اور بعد میں آغا سراج درانی کو گرفتار کر کے جمہوریت پر حملہ کیا گیا۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے اُن کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی کرپشن کارڈ استعمال کر کے مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے اب الزام سے صدر، وزیر اعظم اور سپیکر بھی نہیں بچ سکے گا۔

انہوں نے بھارت کی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مودی یاد رکھے اگر وقت آیا تو پیپلزپارٹی ہر ادارے اور قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی جب کوئی نہیں بولے گا تو پیپلز پارٹی بولے گی بھارت ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے جبکہ پاکستان کا وزیر اعظم پانچ دن بعد جواب دیتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان آخری دم تک کشمیریوں کی سیاسی، سماجی اور سفارتی مدد کرتا رہے گا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری منظور احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہر جیالہ اور بچہ بھٹو ہے اسلامی کانفرنس کے ہر سربراہ کو ایک ایک کر کے قتل کر دیا گیا۔ پیپلزپارٹی نے پاکستان کے لئے گراں قدر خدمات دیں نوجوانوں کو پیپلز پارٹی کی خدمات سے آگاہ کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا کہ چالیس اسلامی ممالک کے سربراہان نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو سربراہ چنا، ایٹمی پروگرام کا مقصد صرف ایٹمی بم بنانا نہیں تھا بالکہ پورا ایٹم پروگرام تھا۔

کشمیر کی آزادی تک کشمیروں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستان میں دوسری اسلامی سربراہی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قائدانہ صلاحیتوں کا عظیم کارنامہ تھا۔ سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھٹو لیڈر تھے آج کے حکمران ایک شہزادے کے ڈرائیور بن گئے ہیں۔ولی عہد ہم سے تو بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات کرتا ہے انڈیا کو 60 ارب ڈالر دینے کا اعلان کرتا ہے۔

بلاول بھٹو سے متعلق عدالت کے زبانی حکم اور تحریری فیصلے میں فرق ہے۔ا نہوںنے کہاکہ ہم کوئی صوبائی کارڈ کھیلنا نہیں چاہتے مگر یہ تاریخ سے سبق نہیں سیکھتے۔ سندھ کی پوری قیادت ای سی ایل پر ڈال دی اور ہماری نظرثانی بھی مسترد کر دی۔ ہم ان مقدمات کا مقابلہ کریں گے پہلے بھی سرخرو ہوئے اب بھی ہوں گے۔ا نہوںنے کہاکہ سارے سندھ کے مقدمات اسلام آباد اٹھا کر لائے تو کیا کہیں۔سندھ کو اس طرح دیوار سے لگائیں گے تو کیا کہیں گے ہم گیارہ سال جیل رہے اور گردنیں کٹوائیں اب بھی تیار ہیں، ہم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہر جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ حکمران پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کرتے پھرتے ہیں کہ پاکستان کرپٹ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں