کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ اور آر پی او شیخوپورہ رینج عبدالقادر قیوم کا ضلع کونسل ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد

جمعہ 22 فروری 2019 21:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ اور آر پی او شیخوپورہ رینج عبدالقادر قیوم نے ضلع کونسل ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میںڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ڈاکٹر فہد ممتاز، ضلع بھر کے افسران سمیت میڈیا نمائندگان کے علاوہ عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کھلی کچہر ی سے خطاب کرتے ہوئے کمشنرلاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کہا ہے کہ کھلی کچہریاں معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے افراد کو ان کا حق دلوانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فرد گزاشت نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

عوام کے مسائل حکومتی قوانین کی روشنی میں نیک نیتی سے حل کیے جائیں تاکہ سائلین کے مسائل کے حل کے لیے ریڈ ٹیپ ازم کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے عوام اور حکومتی اداروں میں مضبوط کوآرڈینیشن کے عمل کو فروغ دینا ہوگا۔ تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریںاور اس سلسلہ میں حائلی رکاوٹوں کو فی الفور دور کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ترقی کے لیے عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ کمشنر لاہور ڈویژن اور آر پی او شیخوپورہ رینج نے محکمہ پولیس، سوئی گیس، واپڈا،محکمہ مال، فوڈ اتھارٹی، اراضی ریکارڈ سنٹر، صحت، میونسپل کمیٹی، نادرا، ہسپتال اور دیگر محکموں کے حوالے سے لوگوں کی شکایات سنیں اور موقع پران شکایات کو دورکرنے کے احکامات صادر کیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں