لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا نیوزی لینڈ میں مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے پر شدید غم و غصہ کا اظہار

پیر 18 مارچ 2019 20:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2019ء) صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن حفیظ الرحمن چوہدری ، نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کبیر احمد چوہدری ، سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن فیاض احمد رانجھا اور فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن عنصر جمیل گجر نے اپنے مشترکہ بیان میں نیوزی لینڈ میں نماز جمعہ ادا کرنے والے مختلف ممالک کے مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔

مذکورہ سانحہ میں 9پاکستانیوں سمیت پچاس مسلمانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ نیوزی لینڈ کی خاتون وزیراعظم نے اسلامی لباس پہن کر سوگوار مسلمان خواتین کو گلے لگا کر ان کی دلجوئی کی اور گرجا گھروں میں شہداء کیلئے دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں جو قابل تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کی مذمت کی جسمیں ٹرمپ نے اس کھلی دہشت گردی کو مخص قتل کی واردات قرار دیا۔

نیوزی لینڈ کے خونی واقعہ پر دنیا بھر کے مختلف مذاہب کے پیروکاروں نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو دہشت گردی ، ظلم و استحصال سے پاک کرنے کیلئے متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحہ کے بعد غیر مسلم دنیا کی طرف سے امت مسلمہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کو نتیجہ خیز اور مذہبی تعصب سے بالا تر ہو کر پوری عالمی برادری کو بین الاقوامی سطح پر امن کا گہوارہ بنانے کیلئے موثر اقدامات طے کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام غیر مسلم ممالک میں قائم مسجدوں اور نمازیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پاکستانی شہری میاں نعیم رشید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جان کی پراہ کئے بغیر سفید فام درندہ صفت دہشت گرد پر قابو پانے کی کوشش میں جام شہادت نوش کیا ۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ میاں نعیم رشید کے حوصلے کو قومی انعام کے طور پر یادگار بنایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں