ٹیکس نادہندگان کی مصدقہ معلومات حاصل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی حاصل کرلی ،اپریل میںکام شروع کردیگا‘ وزیر مملکت ریو نیو

ایک لاکھ 49ہزار اکائونٹس کا پتہ چلا ہے،اکائونٹس ہولڈرز کے 12 ارب ڈالر ز بیرون ملک موجود ہیں ،ایف بی آر کے اختیارات پر نظر ثانی کر رہے ہیں شرح کی بجائے ٹیکس گزاروں کی تعداد میں اضافے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں،پیچیدہ ٹیکس سسٹم کوآسان بنا نا ہوگا‘ حماد کا ایل سی سی آئی میں خطاب

پیر 18 مارچ 2019 22:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) وزیر مملکت برائے ریو نیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ ٹیکس نادہندگان کی مصدقہ معلومات حاصل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی حاصل کرلی ہے جو اپریل میں کام شروع کر دے گا ،ٹیکس کی شرح کی بجائے ٹیکس گزاروں کی تعداد میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ،پاکستان کا ٹیکس سسٹم پیچیدہ ہے جسے آسان بنا نا ہوگا،ایف بی آر کے اختیارات پر نظرثانی کررہے ہیں ،ایک لاکھ 49ہزار اکائونٹس کا پتہ چلا ہے ان اکائونٹس ہولڈرز کے 12 ارب ڈالر ز بیرون ملک موجود ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر سیدالماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل ،سابق صدور مصباح الرحمن، محمد علی میاں، سہیل لاشاری، عبدالباسط، رحمت اللہ جاویدسمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت ریو نیو حماد اظہر نے کہا کہ ٹیکسوں کی شرح میں اضافے کیخلاف ہیں ،ان ڈائریکٹ ٹیکس لگا کر عام آدمی پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان میں سمگلنگ کی شرح بڑ ھ گئی ہے جس پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس نادہندگان کی مصدقہ معلومات حاصل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی حاصل کرلی ہے،جس کا اپریل تک اطلاق کرکے نادہندگان کیخلاف شکنجہ کس دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ہرسال 4ہزار ارب روپے کے قریب ٹیکس جمع کیا جاتا ہے جس میں براہ راست ٹیکسز کی شرح 40فیصد ہے اور60فیصد ٹیکس بالواسطہ جمع کیا جاتا ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ برانڈرتھ روڈ پراحتجاج کرنے والی بزنس کمیونٹی کیخلاف ایف آئی آرپولیس کا غلط اقدام ہے، صوبائی حکومت سے ایف آئی آر خارج کرانے کی درخواست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایز آف ڈئنگ بزنس کیلئے صدر لاہور چیمبر سید الماس حیدر کی سفارشات کو اہمیت دی گئی ہے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے وفاقی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبات پیش کئے ۔

لاہور چیمبر کے صدر سید الماس حیدر نے کہا کہ 31 مارچ تک ٹیکس گزاروں کو موقع دیا گیا ہے جو درست فیصلہ ہے۔گزشتہ مالی سال 3842ارب کا ٹیکس اکٹھا ہوا،1536ارب روپے ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں جمع ہوئے،تنخواہ دار طبقے نے صرف 133ارب روپے ادا کیے ،ٹیکس سسٹم کوشفا ف بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ،کاروباری طبقہ ملکی ریونیو کا 99 فیصد سے زائد ٹیکس ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بزنس کمیونٹی کے ٹیکس ریفنڈز فوری واپس کیے جائیں ،ایف بی آر ایک کروڑ سے کم والوں کے ریفنڈز فوری ادا کرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں