دنیا بھر میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے،سراج الحق

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اللہ کے گھر کے مہمان اور پاکستان کے سفیر ہیں، اپنے اخلاق و کردار سے پاکستان کی عزت و وقار کو بڑھانا چاہیے !حرمین شریفین کی زیارت کے لیے دنیا بھر سے آنے والے مسلمانوں کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہوئے پیش پیش رہناچاہیے، ریاض میں استقبالیہ تقریب سے خطاب

پیر 18 مارچ 2019 23:21

دنیا بھر میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے،سراج الحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2019ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے۔فلسطین،کشمیر،عراق،افغانستان،شام اور برما میں لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا لیکن عالمی استعمار مسلمانوں کے ناحق بہنے والے خون اور مسلمانوں کے خلاف جاری نسلی تعصب کو روکنے کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش کرنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوز ی لینڈ کی مساجد میں مسلمانوں کے خلا ف دہشتگردی کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔اس سے قبل بھی یور پ اور مغرب میں مسلم کمیونٹی کے خلاف ایسے واقعات تسلسل کے ساتھ ہوتے رہتے ہیں مساجد اور مدارس کو نشانہ بنانے،مسلم خواتین کے نقاب الٹنے اور اسکارف اتارنے کے علاوہ سکولوں میں مسلمان بچوں کی تضحیک کرنے جیسے واقعات روز کا معمول ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر عرصہ سے جاری ان واقعات کے سد باب کے لیے کوئی حکمت عملی بنائی جاتی تو آج یہ واقعہ پیش نہ آتا۔مغرب اوریورپ میں انتہاپسندی کے ان واقعات کی حوصلہ شکنی کرنے کی بجائے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور مسلمانوں کے تحفظ کی طرف توجہ نہیں دی جاتی۔مغربی میڈیا اور سیاستدان خود تعصب کو ہوا دیتے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نیوز ی لینڈ کی مساجد پر حملہ پوری امت مسلمہ پر حملہ ہے۔

اب عالم اسلام کو کمزور مسلمانوں کے تحفظ کے لیے مل بیٹھ کر کوئی لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔انہوں نے ترکی کی طرف سے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی نے بروقت یہ فیصلہ کرکے عالم اسلام کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اللہ کے گھر کے مہمان اور پاکستان کے سفیر ہیں۔انہیں اپنے اخلاق و کردار سے پاکستان کی عزت و وقار کو بڑھانا چاہیے اور حرمین شریفین کی زیارت کے لیے دنیا بھر سے آنے والے مسلمانوں کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہوئے پیش پیش رہناچاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں