سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام علاج معالجہ کیلئے در در کی ٹھوکریں کھا نے پر مجبور ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

حکمرانوں کا ایجنڈا عوام کو بنیادی انسانی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے اپنی مراعات میں اضافہ کرنا ہے ‘ا میر جماعت اسلامی لاہور

منگل 19 مارچ 2019 19:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) صدر گورننگ باڈی ثریاعظیم (وقف) ہسپتال و امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پنجاب کے دارالحکومت کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام علاج معالجہ کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ عوا م کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے مگربدقسمتی ہمارے حکمران سابقہ حکومتوں کے طرز عمل پر چلتے ہوئے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی بجائے ٹی وی اور اخباری بیانات کے ذریعے عوام کو تعلیم وصحت اورروزگار فراہم کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ حقیقت حال پوری قوم کے سامنے ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریا عظیم (وقف) ہسپتال میں فری میڈیکل کیمپ کے موقع پرمیڈیا کے نمائندو ں سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ایس ثریاعظیم (وقف) ہسپتال بریگیڈئر (ر) ڈاکٹر ارشد ضیاء ،صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ثریا عظیم (وقف) ہسپتال میںفری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا مقصدغریب عوام کیلئے موذی بیماریوں کی تشخیص اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ صحت کے بارے میں شعور اُجاگر کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پہلے 8 مہینوںمیں جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے جو قابل مذمت ہے ۔لوگ پہلے ہی ادویات کی زائد قیمتوں کی وجہ سے پریشانی کا شکار تھے جبکہ موجودہ حکومت نے ادویات کی قیمتیں مزید کئے گنا بڑھا کرعوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ ہسپتالوں کی فیسوں کی سکت نہ رکھنے والے غریب او ر متوسط طبقات کے لوگ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کیلئے ترس رہے ہیں۔

ایک بیڈ پر تین تین مریض موجود ہیں جبکہ ہمارے حکمرانوں کا ایجنڈا عوام کو بنیادی انسانی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے بیرونی قرضہ جات حاصل کرنا اور اپنی مراعات میں اضافہ کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضو ں اور ان کے لواحقین کے ساتھ کئے جانے والا توہین آمیز رویہ انسانیت کی تذلیل اور قابل مذمت ہے جس کے سدِباب کیلئے مؤثر قانون سازی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ میڈیکل کیمپ کے موقع پر 250 سے زائد مریضوں کا چیک اپ اور فری ادویات فراہم کی گئی اور 150 سے زائد مریضوں کا بلڈشوگر چیک کیا گیا اور 100 سے زائد مریضوں کو ایکسر ے اور الٹراسائونڈ کی سہولیات فراہم کی گئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں