امریکہ کا پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر خدشات کااظہارقابل مذمت ہے، حکومت اسکانوٹس لے‘امیر العظیم

امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیوبھارت کی زبان بول رہے ہیں، پاکستان کی خود مختاری کا احترام کیا جائے‘امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

منگل 19 مارچ 2019 19:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیوکی جانب سے پاکستانی ایٹمی پروگرام پرخدشات کااظہار، پاکستان پر دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہیں دینے اور بھارت سے کشیدگی کا الزام لگانا تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔ پاکستان ایک امن پسند اور ذمہ دار ملک ہے ۔

امریکی وزیر خارجہ بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔ حکومت پاکستان اس کا سختی سے نوٹس لے۔ امریکہ گزشتہ سترہ برسوں سے افغانستان میں جن کے خلاف جنگ لڑتا رہا ہے ، آج انہیں کے ساتھ مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھو ں نے گزشتہ روزلاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ ہندوستان ایک دہشت گرد ریاست ہے جس نے مقبوضہ کشمیر میںایک لاکھ سے زائد نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیاہے اوریہ سلسلہ ہنوزجاری ہے ۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری خاموش تماشائی کاکردار اداکررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ بھارت نے جس انداز میں پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی ، وہ بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ بھارت ، امریکہ اور اسرئیل کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا ہے۔ دنیا میں پائیدار امن کے لیے مسلمانوں کے خلاف جارحانہ عزائم ترک کرنا ہوں گے۔

اسلام امن کا دین ہے جوبھائی چارے اور انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے۔انھوں نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کیا جارہا ہے۔ سانحہ نیوزی لینڈ نے بہت سارے سوالات کو جنم دیا ہے۔ اس کے اصل ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔نیوزی لینڈ واقعہ پر امریکہ اور بھارت نے کھل کر مذمت تک نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ ، بھارت اور اسرائیل کی نظروں میں پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کھٹکتی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ عالم اسلام کی پہلی ایٹمی ریاست کو اس صلاحیت سے محروم کردیا جائے۔

امیر العظیم نے مزید کہا کہ پاکستان ایک آزاد اورخود مختار ریاست ہے اور اپنی سلامتی و بقا کو مقدم رکھتی ہے۔ امریکہ ہماری خود مختاری کا احترام کرے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ قوم سے جھوٹ بولنے کی بجائے اصل حقائق قوم کے سامنے رکھیں اور امریکی دبائو کو قومی مفاد میں مسترد کردیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں