پوری قوم جان چکی کہ نواز شریف علاج نہیں کروانا چاہتے بلکہ صرف بیرون ملک جانا چاہتے ہیں‘اعجازچوہدری

کاش تین دہائیوں تک تخت شاہی پر براجمان حکمران اگر ایک اچھا ہسپتال ہی بنا دیتے جہاں ان کا آج علاج ہو سکتا‘ رہنما پی ٹی آئی

بدھ 20 مارچ 2019 16:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل انجینئر اعجاز احمد چوہدری نے کہاہے کہ پوری قوم جان چکی کہ نواز شریف علاج نہیں کروانا چاہتے بلکہ صرف بیرون ملک جانا چاہتے ہیں ،شریف فیملی کی جانب سے نواز شریف کی بیماری کا بہانہ بنا کر ڈرامے بازی جاری ہے اور سیاست کی جارہی ہے ،نادان شریف فیملی کو پتہ ہونا چائیے کہ یہ پتھر کا زمانہ نہیں قوم فراڈیوں کو پہچان چکی ، نواز شریف کی جانب سے پاکستان کے ہسپتالوں پر عدم اعتماد شرم ناک عمل ہے ، کاش تین دہائیوں تک تخت شاہی پر براجمان حکمران اگر ایک اچھا ہسپتال ہی بنا دیتے جہاں ان کا آج علاج ہو سکتا۔

وہ گزشتہ روز پارٹی آفس میں قصور سے پارٹی رہنما سرور خان میو کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شریف برادران کے سر میں درد بھی ہو تو لند ن میں علاج کے لئے بھاگ جاتے ہیں اور کسی غریب آدمی کو تکلیف ہو تو وہ ان ہسپتالوں میں علاج کروائے جہاں سابقہ حکمران جانا ہی پسند نہیں کرتے، اپوزیشن جماعتیں میاں صاحب کی بیماری پر اپنی سیاست کو بند کریںان کو جیل میں ہر طرح کی علاج کی سہولت مہیا کی گئی ہے جو عام کرپٹ مجرموں کو میسر نہیں ہوتی۔

انہوں نے مزید کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے انتخابات کے بعد سے آج تک ملک و قوم کی بہتری اور مشکلات کے حل کیلئے کوئی مثبت تجاویز نہیں دی گئیں بلکہ ان کے احتجاج اور مطالبات کا محور صرف اور صرف کرپشن پر پوچھ گچھ سے استثنیٰ مانگنا ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ والوں نے عوام کا خون چوس کر اپنی اولادوں کو اندرون اور بیرون ملک اربوں روپے کی جائیدادیں بنا کر دی جبکہ غریب دو وقت کی روٹی کو بھی ترس رہا ہے اور ان کی سیاہ کرتوتوں کی وجہ سے مہنگائی آسمانوں سے باتیں کررہی ہے انشا اللہ جب پانچ سال بعد عوام کی عدالت میں جائیں گے تو سر خرو ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں