ٹی بی کے عالمی دن کے حوالے سے جناح ہسپتال میں آگاہی واک اورکرکٹ میچ کا اہتمام

ٹی بی موذی بیماری ضرور مگر لاعلاج نہیں، اس پر مکمل قابو پانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، ڈاکٹرطیب

جمعرات 21 مارچ 2019 12:44

خالق نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) ٹی بی کے عالمی دن کے حوالے سے لوگوں میں اس بیماری سے بچاؤ اور شعور اجاگر کرنے کیلئے جناح ہسپتال لاہورمیں آگاہی واک اور کرکٹ میچ کا اہتمام کیا گیا،جیتنے والی ٹیم کو کپ دیا گیا،واک میں ڈاکٹروں، نرسوں اورصحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واک کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر ٹی بی سے متعلق شعور بیدار کرنے کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرٹی بی کنٹرول پروگرام پنجاب ڈاکٹرمحمدطیب نے کہاکہ 24مارچ ہرسال دنیا میںورلڈٹی بی ڈے کے طورپرمنایا جاتا ہے،پاکستان کے لئے یہ دن اس لئے بھی اہم ہے کہ ٹی بی کے مریضوں کی تعدادکے حساب سے پاکستان کا دنیا میں پانچواں نمبرہے،انہوں نے کہا کہ پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام صوبے بھرمیں644ٹی بی سنٹرز اورلیبارٹریزکے نیٹ ورک کے ساتھ اس بیماری کے خاتمے کے لئے کام کررہا ہے،ضرورت اس امرکی ہے ہم سب لوگ بھی محکمہ صحت کے شانہ بشانہ اس بیماری کوپاکستان سے ختم کرنے میں اپنا کرداراداکریں،ڈاکٹرمحمدطیب نے مزیدکہا کہ ٹی بی موذی بیماری ضرور مگر لاعلاج نہیں، اس پر مکمل قابو پانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہم ٹی بی جیسی بیماری سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ ڈاکٹرمحمدطیب نے کہا معاشرہ و سماجی مسائل اور غربت کے علاوہ عوام میں امراض کے روک تھام کے حوالہ سے شعور و آگاہی کا ناہونا بھی امراض کے پھیلنے کا سب سے بڑا سبب ہے،ڈاکٹرمحمدطیب نے کہا ہے کہ موذی مرض ٹی بی کا جڑ سے خاتمہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ٹی بی سے بچاؤ اور مریضوں کے علاج معالجہ کے لیے اس بیماری بارے شعور و آگاہی فراہم کرنا بے حد ضروری ہے ٹی بی کے مریضوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں اس مرض کا مکمل علاج ممکن ہے۔

حکومت پنجاب کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں اور منتخب پرائیویٹ کلینکس پر ٹی بی کے مریضوں کی مفت تشخیص و علاج سمیت انہیں مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ ٹی بی کے مریض علاج کے دوران ہونے والی جز وقتی تبدیلیوں ، الٹی کا آنا ، بھوک کا نہ لگنا ، معدے میں درد ، گیس کی شکایت ، زرد یا سرخ رنگ کا پیشاب آنا ، جوڑوں کے درد کی صورت میں تواتر کے ساتھ علاج جاری رکھیں ادھورہ علاج چھوڑنے سے ٹی بی کا مریض (مزاحمتی )ٹی بی کا شکار ہو جاتا ہے جو ٹی بی کی پیچیدہ اور خطرناک شکل ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں