کلین اینڈ گرین مہم کی بدولت پاکستان سیاحوںکیلئے جنوبی ایشیاء کا سوئٹزرلینڈ بنے گا‘جہانزیب کھچی

جہانزیب کھچی نے عالمی یوم شجر کاری اور صاف وسرسبز پاکستان مہم کے سلسلے میں دانش سکول ٹبہ سلطان پور میں پودا لگایا

جمعرات 21 مارچ 2019 18:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانز یب خان کھچی نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین مہم کی بدولت پاکستان سیاحوں کیلئے جنوبی ایشیاء کا سوئٹزرلینڈبنے گا۔لوگوں کو چاہئے کہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ صفائی ستھرائی مہذب قوموں کی پہچان ہے اور اسلام نے بھی صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم شجر کاری اور صاف و سرسبزپاکستان مہم کے سلسلے میں دانش سکول ٹبہ سلطان پور، ضلع وہاڑی میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر جہانزیب خان کھچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درخت ہماری آنے والی نسلوں کے لئے قیمتی اثا ثہ ہیں۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو پودوں کی اہمیت سے آگاہ کرناہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہر قسم کی آلودگی سے پاک اور سرسبز ہو گا۔وزیراعظم عمران خان کے مشن کے مطابق کلین اینڈ گرین مہم کے تحت آئندہ پانچ سالوںمیں ملک بھرمیں 10ارب درخت لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے ، ہم اپنی اپنے آنے والی نسلوں کو صاف اور سرسبز پاکستان دیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صاف اور سرسبز پاکستان کے مشن کی تکمیل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی کیونکہ صاف ستھرا ماحول ہر شہری کا بنیاد حق ہے ۔

اس حوالے سے سب کوصاف اور سرسبز پاکستان کی تکمیل میں اپنا اپنا کلیدی کردار ادا کرناچاہئے۔تقریب میں ایم این اے اورنگ زیب خان کھچی،ایم پی اے علی رضا خاکوانی،چیئر مین ضلع کونسل پیر غلام محی الدین چشتی اور ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانز یب خان کھچی نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔اس مو قع پر مختلف کالجز اور سکولوں کے طلبا و طا لبات نے 5ہزار پودے لگائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں