گرین اینڈ کلین پاکستان زندگی بچانے کی مہم ہے، معاشرے کے ہر فرد کو بھرپور اور قومی فریضہ سمجھ کر شرکت کرنی چاہئے‘ذیشان رشید

عارضی ملازمین کو مستقل کرانا، میرٹ پر ترقی اور مالیوں کو تعلیم بالغاں کا کورس کرانا اور پی ایچ اے کا ریونیو بڑھانا ترجیحات میں شامل ہے پی ایچ کے معاملات شفاف انداز میں چل رہے ہیں، ماضی میں کسی نے بد عنوانی کی تو اس کا حساب لیں گے‘وائس چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹی کلچر

جمعرات 21 مارچ 2019 19:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور پارکس اینڈ ہارٹی کلچر کے وائس چیئرمین حافظ ذیشان رشید نے کہا ہے کہ نئے درخت لگائیں گے تو نسل بچائیں گے، گرین اینڈ کلین پاکستان زندگی بچانے کی مہم ہے، معاشرے کے ہر فرد کو بھرپور اور قومی فریضہ سمجھ کر شرکت کرنی چاہئے، عارضی ملازمین کو مستقل کرانا، میرٹ پر ترقی اور مالیوں کو تعلیم بالغاں کا کورس کرانا اور پی ایچ اے کا ریونیو بڑھانا ترجیحات میں شامل ہے، سردار عثمان بزدار بہترین انسان اور معاملہ فہم سیاستدان ہیں، وقت ثابت کریگا کہ وہ پنجاب کی تاریخ کے بہترین وزیراعلیٰ ہیں،پی ایچ کے معاملات شفاف انداز میں چل رہے ہیں، ماضی میں کسی نے بد عنوانی کی تو اس کا حساب لیں گے، امید ہے کہ ہدف سے زیادہ ریونیو جمع اور درخت لگائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جیلانی پارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وائس چیئرمین پی ایچ اے کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں اس وقت ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے کیونکہ یہ انسانی زندگی کو براہ راست متاثر کر رہی ہیں۔ بین الاقوامی اور قومی سطح پر ماہرین ماحولیات اس مسئلہ کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نہ صرف زرعی مسائل جنم لے رہے ہیں بلکہ صحت کے سنگین مسائل بھی پیدا ہورہے ہیں جو آئندہ آنے والی نسلوں کو بھی متاثر کریںگے اسی لئے در اصل گرین اینڈ کلین پاکستان زندگی بچانے کی مہم ہے۔

انہوں نے سرکاری اور غیر سرکاری سکولوں کے ساتھ اس مہم میں معاشرے کے ہر فرد کو بھرپور اور قومی فریضہ سمجھ کر شرکت کی دعوت دی۔ حافظ ذیشان رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی گرین اینڈ کلین پاکستان مہم میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بز دار ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں بلکہ اسکی مانیٹر نگ بھی کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے شفاف اور کرپشن فری پاکستان کا نعرہ لگایا ہے، یہ صرف نعرہ ہی نہیں بلکہ اس پر عملدرآمد بھی کرایا جا رہا ہے، موجودہ پی ایچ اے سیاست سے پاک اور بدلا ہوا پی ایچ اے ہے، اس میں پہلے سے زیادہ توجہ دی جا رہی ہے، امید ہے ہدف سے زیادہ ریونیو جمع اور درخت لگائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ سردار عثمان بزدار پر وزیراعظم اور پارٹی کا مکمل اعتماد ہے، کسی کو کوئی غلط فہمی ہے تو وہ بھی وقت کے ساتھ دور ہو جائے گی کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بہترین انسان اور معاملہ فہم سیاستدان ہیں، وقت ثابت کریگا کہ وہ پنجاب کی تاریخ کے بہترین وزیراعلیٰ ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں