لاہور، وطن عزیز کو عظیم تر بنانے کے لئے پاکستانیت کی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے،صاحبزادہ حامد رضا

جمعہ 22 مارچ 2019 23:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2019ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ 23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے۔ وطن عزیز کو عظیم تر بنانے کے لئے پاکستانیت کی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے۔ بھارتی عدالت کا سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کو بری کرنا انصاف کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ پاکستانی حکومت سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے فیصلے کو عالمی عدالت انصاف میں چیلنج کرے۔

پیغام پاکستان ہمارا قومی بیانیہ ہے جسے اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ قومی یکجہتی ہی استحکام وطن کی بنیاد بن سکتی ہے۔ یورپ میں مسلم مخالف جذبات اور مسلم عبادت گاہوں پر حملوں میں اضافہ تشویشناک ہے۔ برطانیہ میں مساجد پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کارکنان و عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بہاولپور میں استاد کا قتل سفاکیت کی بدترین مثال ہے۔

مذہب کا غلط استعمال کرنے والے اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔ اسلام قتل ناحق کا سب سے بڑا مخالف ہے۔ ڈاکٹر مہاتیر محمد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں پیپلز پارٹی کے کارکنان پر پولیس تشدد قابل مذمت ہے۔ 23 مارچ کے موقع پر پوری قوم وفاداری پاکستان کا عہد کرے۔ استحکام پاکستان کے لئے تحریک پاکستان والے جذبے اپنائے جائیں۔ قیام پاکستان کے وقت ایک قوم کو ایک ملک اور آج ایک ملک کو ایک قوم کی ضرورت ہے۔ اسلام اور پاکستان سے محبت کو باقی تمام محبتوں پر غالب کرنا ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں