نظام مصطفے کے نفاذ کے بغیر قیام پاکستان کا مقصد ادھورا رہے گا، شاہ محمد اویس نورانی

حکومت دینی راہنماؤں کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنائے، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے مسلمانوں کے دل جیت لئے ہیں غ*جے یو پی 30 مارچ کو لاہور کے ورکرز کنونشن میں سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ۹ متکبر حکمران پاکستان پر بوجھ بن چکے ہیں، سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کا فیصلہ بھارتی عدالتی نظام پر سیاہ دھبہ ہے % مسلم حکمران اسلام دشمن طاقتوں کے ایجنٹ بن چکے ، او آئی سی امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس لائحہ عمل تیار کرے، یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 مارچ 2019 22:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ نظام مصطفے کے نفاذ کے بغیر قیام پاکستان کا مقصد ادھورا رہے گا۔ علماء و مشائخ اہل سنت نے تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملہ قابل مذمت ہے۔ حکومت دینی راہنماؤں کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنائے۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے مسلمانوں کے دل جیت لئے ہیں۔ جے یو پی 30 مارچ کو لاہور کے ورکرز کنونشن میں سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ متکبر حکمران پاکستان پر بوجھ بن چکے ہیں۔ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کا فیصلہ بھارتی عدالتی نظام پر سیاہ دھبہ ہے۔ دنیا ہندو، عیسائی اور یہودی انتہا پسندی پر کیوں خاموش ہے۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں مساجد پر حملے اسلام مخالف جنونیت کی بدترین مثال ہے۔

اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلم دنیا کو آج پھر کسی صلاح الدین ایوبی کی ضرورت ہے۔ مسلم حکمران اسلام دشمن طاقتوں کے ایجنٹ بن چکے ہیں۔ او آئی سی امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس لائحہ عمل تیار کرے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ 30 مارچ کے ورکرز کنونشن سے کارکنان کو ولولہ تازہ ملے گا۔

پاکستان بنانے والے پاکستان بچانے کے لئے متحد ہو کر میدان میں نکلیں۔ موجودہ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کا رخ مساجد و مدارس کی طرف موڑ دیا ہے۔ حکومت کے دین دشمن ایجنڈا کی مزاحمت کریں گے۔ نیب کے ذریعے اپوزیشن کو کچلنے کی حکومتی پالیسی سے سیاسی عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔ حکومت خود اپوزیشن کو احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور کر رہی ہے۔ کوئی طبقہ بھی حکومت سے مطمئن نہیں۔ ناکام اور نااہل حکومت کو گرانا مشکل نہیں۔ نظام مصطفے کا نفاذ ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ جے یو پی کی سیاست نظام مصطفے کو اقتدار میں لانے کے لئے ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں