پنجاب پولیس کی تمام فارمیشنز میں بھی یوم پاکستان بھرپور جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا

ہفتہ 23 مارچ 2019 23:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے صوبے کے تمام اضلاع میں یوم پاکستان کے موقع پر تقریبات کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے پر فیلڈ افسران اور سکیورٹی ڈیوٹی پر مامورپولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجاب نے افسران واہلکارو ں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کی طرح دیگر قومی اور مذہبی تہواروں کے ساتھ ساتھ عام حالات میں بھی عوام کی جان و مال کے تحفظ کے فرائض پوری تندہی اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کئے جائیں اور امن دشمن و جرائم پیشہ عناصر کے عزائم کو کسی صورت کامیاب نہ ہونے دیا جائے ۔

فورس کے نام جاری پیغام میں آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ23 مارچ پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات کی بدولت شہریوں نے یوم پاکستان کی تقریبات میں بلا خوف وخطراور بھرپورجو ش و خروش سے حصہ لیا جو اس حقیقت کا عکا س ہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پوری طرح الرٹ اور تیار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ 23مارچ تجدید عہد کا دن بھی ہے کہ ہم سب کو مل کر انتہا پسند اور دہشت گرد قوتوں کو شکست دے کر ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار اداکرنا ہے اور وطن عزیز کو قائد اعظم کا حقیقی پاکستان اور علامہ اقبال کے خواب کی عملی تعبیر بنانا ہے ۔

آئی جی پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں پنجاب پولیس کی تمام فارمیشنز نے یوم پاکستان قومی جوش و جذبے اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ باوقار انداز میں منایا اور ارض پاک کے تحفظ کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا ۔لاہور،گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، شیخوپورہ ،ساہیوال ، راولپنڈی ،سرگودھا،ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان سمیت صوبے کی تمام ریجنز اور اضلاع کی پولیس لائنز میں پرچم کشائی کی تقریبات کے بعد پولیس کے چاک وچوبند دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ بھی کیا ۔

ریجنل و ضلعی پولیس افسران نے یادگار شہداء پرپھول چڑھائے اور شہدا ء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔ تقریبات میں پنجاب پولیس کے شہداء کی فیملیز، ممبران صوبائی اسمبلی و ضلعی انتظامیہ ،وکلاء ، اساتذہ ،سول سوسائٹی کے اراکین،تعلیمی اداروں کے طلبا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر طلبا نے جذبہ حب اوطنی پر مبنی ولولہ انگیز تقاریر، ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کئے، مقررین نے یوم پاکستان کی مناسبت سے ارض پاک سے اپنی محبت کا اظہار کیاجبکہ پولیس ٹیموں نے اپنے شہداء کے گھروں میں جاکر انکی فیملیز کو پھول اورتحائف بھی پیش کئے۔

یوم پاکستان کی تقریبات منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کے جاری کردہ ایس او پیزکے مطابق پنجاب پولیس نے صوبے کے تمام اضلاع میں منعقد ہونے والی عوامی تقریبات، ریلیوں اور دیگر پروگراموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی ۔ تمام حساس اور اہم مقامات کے گرد و نواح میں مسلسل پٹرولنگ کے ساتھ ساتھ پولیس ناکوں پر چیکنگ کا عمل بلا تعطل جاری رہاجبکہ تعلیمی اداروں ، پارکس،تفریح گاہوں، مساجد، گردواروں،گرجا گھروں اور دیگر اقلیتی عبادت گاہوں کے سیکیورٹی انتظامات پر بطور خاص توجہ دی گئی اور ون ویلنگ، پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کروایا گیا جس کے باعث صوبہ بھر میں امن و امان کی فضابرقرار رہی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں