وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب خان کھچی کاجناح بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ کا دورہ

صوبا ئی وزیر نے بس اڈوں پر انتظامات کی بہتری کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے

پیر 25 مارچ 2019 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب خان کھچی نے جناح بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری آر ٹی اے غیاث الدین ،سیکریٹری پی ٹی اے محمد اقبال اورایڈمنسٹریٹر جناح بس ٹرمینل بھی موقع پر موجود تھے۔ایڈمنسٹریٹر جناح بس ٹرمینل نے صوبائی وزیر کو بس اڈہ کے آپریشنز پر بریفنگ پیش کی۔

صوبائی وزیر نے جناح بس ٹرمینل پر مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ انہوںنے مسافروں سے سہولیات بارے دریافت کیا اور بہتری کے لیے تجاویز بھی مانگیں۔انہوںنے بس ٹرمینل پر قائم مختلف فوڈ اسٹالز کا معائنہ کیا اور فوڈ اسٹالز پر کھانوں کا معیار جانچنے کے لیے کھانے چکھے۔کھانوں کے ناقص معیار پر صوبائی وزیر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور سیمپل فوڈ اتھارٹی کو بھجوانے کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مسافر خانوں اور واش رومز میں صفائی کے ناقص انتظامات پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بس اڈوں پر انتظامات کی بہتری کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے اورمتعلقہ محکموں اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔پنجاب حکومت کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہے اور تمام تر وسائل برائے کار لا رہی ہے ۔اس موقع پر آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ آنرز فیڈریشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں