عوامی رکشہ یونین پاکستان 30مارچ کو ایل پی جی مافیا اور حکومتی گٹھ جوڑ کے خلا ف گورنر ہائوس کے سامنے احتجاجی دھرنا دے گی

منگل 26 مارچ 2019 21:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2019ء) عوامی رکشہ یونین پاکستان 30مارچ کو ایل پی جی مافیا اور حکومتی گٹھ جوڑ کے خلا ف گورنر ہائوس کے سامنے احتجاجی دھرنا دے گی۔ غریبوں نے تحریک انصاف کو ووٹ لٹیروں سے نجات کیلئے دئیے تھے ان سے اتحاد کیلئے نہیں۔اس سے پہلے بھی ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ کرنے والے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوںکے ماتھے کا جھومر رہے ہیں اور سابقہ حکومتوں کی چھتر چھایہ تلے انہوں نے ملک کے غریب طبقے کو کھل کر لوٹا ہے اور سرپرستی کرنے والوں کو بھی خوب نوازاہے۔

اب تحریک انصاف کی حکومت میں گورنر ہائوس میں ایل پی جی مافیا کانفرنس کرکے انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ باور کروانا چاہتا ہے کہ ہمیں اب حکومت کی سرپرستی حاصل ہے اگر ہمیں کسی افسر یا محکمے نے لوٹ مار سے روکا تو اس کا تبالہ کسی ریگستانی علاقے میں کروا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار عوامی پاسبان و عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے ایل پی جی مافیا اور حکومتی گٹھ جو ڑ کے بعدقیمتوں میں ہونے والے متوقع اضافے کے خلاف بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مجید غوری کا کہنا تھا کہ اس مافیا کے خلاف تحریک انصاف کے رہنما صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید اور چوہدری اعجاز بھی ہمارے احتجاجی مظاہروں میں شامل ہوتے رہے ہیں۔اگر عمران خان نے ایل پی جی مافیا اور حکومتی عہدیداران کے گٹھ جو ڑ کا نوٹس نہ لیا تو قوم اس حکومت کو بھی اقتدارکے ایوانوں سے لا باہر کھڑا کرے گی۔ گورنر ہائوس کے باہر دھرنا میں سراج الحق، وکلاء، مزدور تنظیوںکے رہنمائوں، طلباء اور سول سوسائٹی کو بھی دعوت دی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں