اس بار پہلے سے زیادہ بڑے پیمانے پر رمضان بازار لگائے جائیں گے،مخدوم ہاشم جواں بخت

غیر ضروری اور نمائشی عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور اشیاء خورد و نوش کے معیار اور مقدار پر توجہ دی جائے گی اس بار یوٹیلیٹی سٹورز کو بھی رمضان بازاروں کا حصہ بنایا جائے گا ۔ رمضان بازاروں میں روزمرہ کھانوں میں کثرت سے استعمال ہونے والے لوازمات اورماہ رمضان میں باورچی خانوں میں استعمال ہونے والے روایتی آئٹمز عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہوں گے،صوبائی وزیر خزانہ

منگل 26 مارچ 2019 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2019ء) صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ اس بار پہلے سے زیادہ بڑے پیمانے پر رمضان بازار لگائے جائیں گے۔غیر ضروری اور نمائشی عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور اشیاء خورد و نوش کے معیار اور مقدار پر توجہ دی جائے گی ۔اس بار یوٹیلیٹی سٹورز کو بھی رمضان بازاروں کا حصہ بنایا جائے گا ۔

رمضان بازاروں میں روزمرہ کھانوں میں کثرت سے استعمال ہونے والے لوازمات اورماہ رمضان میں باورچی خانوں میں استعمال ہونے والے روایتی آئٹمز عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔ فوڈ اتھارٹی رعایتی اشیاء کے معیار کو یقینی بنائے گی۔ رمضان بازاروں کے قیام کے لیے پوش ایریاز کی بجائے پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ان لوگوں کی رسائی کو آسان بنایا جائے جو حقیقت میں ان کے حقدار ہیں۔

(جاری ہے)

یوٹیلیٹی سٹوز میں کرپشن کی شکایات کے پیش نظر کنٹرول کے لیے خصوصی میکانزم متعارف کروایا جائے گا ۔محکمہ زراعت، صنعت، لائیو سٹاک،یوٹیلٹی سٹورز اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملکر رمضان بازاروںکی کامیابی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے 90شاہراہ قائد اعظم پر رمضان بازاروں کے قیام اور اشیاء خرد و نوش کے نرخوں پر کنٹرول کے حوالے سے مشاورتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مہنگائی ہمارا مستقل مسئلہ ہے اس لیے اس پر کنٹرول کے لیے اقدامات بھی مستقل بنیادوں پر ہی کیے جانے چاہئیں۔ اس مقصد کے لیے باقاعدہ پالیسی ترتیب دی جائے گی جس کے تحت سیاسی و سرکاری شخصیات کو پابند کیا جائے گا کہ وہ چیک اینڈ بیلنس کا عمل مسلسل جاری رکھیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مہنگائی کی ذمہ دار ہمیشہ حکومت نہیں ہوتی اکثر دیگر عناصر بھی اپنے مفادات کے لیے عوام کو یرغمال بناتے ہیں ایسے میں ضروری ہے کہ حکومتی اراکین کی فریقین تک آسان رسائی کو یقینی بنایا جائے ۔

صوبائی وزیر نے آئندہ سال رمضان میں سستے بازاروں بہتر میکانزم کی بھی یقین دہانی کروائی اس ضمن میں کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاہور، چیئرمین یوٹیلٹی سٹورز اور محکمہ صنعت و زراعت کو خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئیں صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ہدف صرف لاہور نہیں پورا پنجاب اور پورا پاکستان ہے ۔ اجلاس میں وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، منسٹر ایگری کلچر نعمان احمد لنگڑیال ، ترجمان پنجاب شہباز گل ، مشیر وزیر اعلیٰ برائے پرائس کنٹرول چوہدری اکرم، کمشنر لاہور مجتبیٰ پراچہ ، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری لائیو سٹاک ،سیکرٹری زراعت او ر چیئرمین یوٹیلٹی سٹورز نے شرکت کی ۔

صوبائی وزیر نے سیکرٹری صنعت کو ہدایت کی کہ وہ چینی اور دیگر صنعتی آئٹمز کی قیمتوں کے تعین کے لیے شوگر ملز ایسوسی ایشن سے مذاکرات کا آغاز کریں تاکہ رمضان سے قبل تمام متعلقہ امور کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے محکمہ خزانہ میں ریسورس موبلائزیشن کمیٹی کے پانچویں اجلاس کی بھی صدارت کی ۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے بجٹ 2019-20کے لیے تجاویز پیش کی گئیں جن میں ہسپتالوں میں ہدف بند سبسڈی کی فراہمی، ٹیسٹوں کی سہولیات اور کینٹینوں اور پارکنگ کے لیے یکساں میکانزم شامل تھا۔

صوبائی وزیر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب کے ہسپتالوں میںریونیو جنریشن کے لیے خیبر پختوخواہ کی طرزکا ماڈل متعارف کروائیں تاہم خیال رہے کہ غریب طبقہ پر مزید کوئی بوجھ نہ آئے ۔ ایمرجنسی میں کسی سروس پر کوئی اضافی چارج نہ لگایا جائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں